یہ پینل تصاویر پر مبنی نمائش – ’کام ہی کام، عورتیں گُمنام‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت دیہی خواتین کے ذریعے کیے جانے والے مختلف قسم کے کاموں کو دکھایا گیا ہے۔ یہ تمام تصویریں پی سائی ناتھ کے ذریعے سال ۱۹۹۳ سے ۲۰۰۲ کے درمیان ملک کی ۱۰ ریاستوں کا دورہ کرنے کے دوران کھینچی گئی ہیں۔ یہاں، پاری نے ایک انوکھے انداز سے تصویر پر مبنی اس نمائش کو ڈیجیٹل شکل میں پیش کیا ہے۔ پہلے یہ نمائش کئی سالوں تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں طبیعی طور پر لگائی جاتی رہی ہے۔
زندگی بھر کا جھکنا
وژیا نگرم میں، دوپہر کی شدید دھوپ سے پریشان ہو کر، وہ تھوڑی دیر کے لیے رکی۔ لیکن، ویسے ہی جھکی رہی۔ وہ جانتی تھی کہ چند لمحوں میں ہی اسے اپنا کام دوبارہ شروع کرنا ہوگا – اسی طرح جھکے ہوئے۔
کاجو کے اِنھیں کھیتوں میں، اس کے گاؤں کی عورتوں کا دو الگ گروپ بھی کام کر رہا تھا۔ ایک گروپ، کھیت سے دو کلومیٹر دور، گھر سے دوپہر کا کھانا اور پانی ساتھ لایا تھا۔ دوسرا گروپ، مخالف سمت سے کام کر رہا تھا۔ کام کرتے وقت سبھی عورتیں جھکی ہوئی تھیں۔
اوڈیشہ کے رائے گڑھ میں، کھیت میں مرد بھی تھے۔ لینس کی آنکھوں سے دیکھنے پر، یہ ایک شاندار نظارہ تھا۔ تمام مرد کھڑے تھے، جب کہ عورتیں جھکی ہوئی تھیں۔ اوڈیشہ کے نواپاڑہ میں، گھاس پھوس نکالتی اس عورت کو بارش بھی نہیں روک پائی۔ کمر سے جھکی ہوئی، وہ اپنا کام کیے جا رہی تھی۔ ایک ہاتھ میں چھتری لیے ہوئے۔








