ظلم و ستم، جنگ و جدال اور خون خرابے کے اِس دور میں، ہم اکثر عالمی امن کی باتیں کرنے لگتے ہیں۔ لیکن مقابلہ آرائی، لالچ، دشمنی، نفرت، اور تشدد کو اپنا شعار بنا چکی تہذیبوں کو یہ بات کیسے سمجھ میں آئے گی؟ میں جس جگہ سے تعلق رکھتا ہوں وہاں پر کم از کم ایسا کلچر کہیں بھی دیکھنے کو نہیں ملتا ہے۔ ہم آدیواسی بھی تہذیب کا مطلب سمجھتے ہیں، لیکن ہماری سمجھ دوسروں سے بالکل الگ ہے۔ ہمارے یہاں ایسا نہیں ہوتا کہ کوئی پڑھا لکھا انسان رات میں خاموشی سے گندگی پھیلا دے اور اگلے دن صبح کو کوئی اَن پڑھ آدمی اس گندگی کو صاف کرے۔ ہم اسے کوئی شائستگی یا تہذیب نہیں کہتے اور ایسی تہذیب سے خود کو دور رکھتے ہیں۔ ہم ندیوں کے کنارے رفع حاجت نہیں کرتے۔ ہم درختوں سے کچے پھل نہیں توڑتے۔ ہولی کا تہوار جب قریب آتا ہے، تو ہم کھیتوں میں ہل چلانا بند کر دیتے ہیں۔ ہم اپنی زمین کا بیجا استعمال نہیں کرتے، اور نہ ہی سال بھر اس سے لگاتار اناج پیدا کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ ہم اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ زمین کو بھی سانس لینے کا کچھ وقت ملے، وہ بھی تازہ دم ہو سکے۔ ہم قدرت کی بھی اتنی ہی عزت کرتے ہیں جتنی انسانی زندگیوں کی۔


Narmada, Gujarat
|WED, AUG 03, 2022
دنیا کی تہذیب سے تو کہیں بہتر ہے جنگل کی تہذیب
دیہوَلی بھیلی زبان میں لکھی پانچ نظموں کی سیریز کی اس چوتھی نظم میں، یہ آدیواسی شاعر ہماری نام نہاد تہذیب کی اپنے آپ کو ہی تباہ کرلینے والی فطرت اور امن کے بارے میں اس کی کھوکھلی سمجھ پر جم کر تنقید کرتا ہے
Poem and Text
Painting
Editor
Translator
اس لیے جنگل سے واپس نہیں آئے ہم
ہمارے اجداد کو تم نے
لاکشاگرہ میں جلا دیے
کتنوں کا انگوٹھا کاٹ لیا
کہیں تو بھائی بھائی کو لڑوایا مروایا
کہیں اپنے ہاتھوں اپنے گھر پھونکوائے
تمہاری خونی تہذیب کی خطرناک شکل
صاحب،
اس لیے جنگل سے واپس نہیں آئے ہم
درخت کا پکا ہوا پتہ، جس طرح آسانی سے گر جائے مٹی میں
یہی موت کا تصور ہے ہمارا
ہم دیوتاؤں کو آسمان میں نہیں دیکھتے
محسوس کرتے ہیں قدرت کے ہر رنگ میں
غیر جاندار کا تصور نہیں ہے ہماری زندگی میں
بلکہ قدرت ہی ہماری زندگی کی جنت ہے
قدرت کی خلاف ورزی زندگی کا جہنم ہے
آزادی ہماری زندگی کا مذہب ہے
تم نے غلامی کی جال کو مذہب کہہ دیا
تمہاری خونی تہذیب کی خطرناک شکل
صاحب،
اس لیے جنگل سے واپس نہیں آئے ہم
ہم زمینی فوج ہیں صاحب
اپنے وجود کے لیے
خود کو نہیں بچاتے ہم
پانی، جنگل، زمین، انسان، جانور
ہماری زندگی کی بنیاد ہیں یہ سارے
تم نے ہمارے اجداد کو
توپ کے منہ سے باندھ دیا
درختوں پر لٹکا کر نیچے آگ لگائی
پلٹن بنا کر ہماری ہمیں ہی مروایا
قدرتی طاقت کو ختم کرنے کے لیے
چور، لٹیرے، سور، بنڈ خور
کیا کیا نہیں کہا ہم کو
کاغذ سے بھی تم ہم سب کو مار سکتے ہو
تمہاری خونی تہذیب کی خطرناک شکل
صاحب،
اس لیے جنگل سے واپس نہیں آئے ہم
تم نے اپنی زندگی کو بازار بنا دیا
پڑھے لکھوں کے پاس اپنی آنکھ نہیں رہی
صاحب تمہاری تعلیم
ہمارے وجود کو ہی بیچ دے گی
بازار میں کھڑا کرے گی ہم سب کو
ثقافتی تہذیب کے نام پر تم نے
ناشائستگی کے بڑے بڑے پہاڑ بنا لیے
ہم آدمی ایک دوسرے سے نفرت کریں
یہی تمہارے نئے دور کی تعمیر ہے؟
بندوق، بارود سے تم
عالمی امن قائم کرنا چاہتے ہو
تمہاری خونی تہذیب کی خطرناک شکل
صاحب،
اس لیے جنگل سے واپس نہیں آئے ہم
مترجم: محمد قمر تبریز
Want to republish this article? Please write to [email protected] with a cc to [email protected]
Donate to PARI
All donors will be entitled to tax exemptions under Section-80G of the Income Tax Act. Please double check your email address before submitting.
PARI - People's Archive of Rural India
ruralindiaonline.org
https://ruralindiaonline.org/articles/دنیا-کی-تہذیب-سے-تو-کہیں-بہتر-ہے-جنگل-کی-تہذیب

