کوریلا وینکٹ چاری کے تین کمروں پر مشتمل مکان کا فرش کھلونوں سے بھرا پڑا ہے۔ رنگ کے ڈبے ایک کونے میں، اور غیر استعمال شدہ لکڑی کے ٹکڑے دوسرے کونے میں پڑے ہیں۔ وہ فخر سے کہتے ہیں، ’’میں گزشتہ ۲۸ سالوں سے کھلونے تراشنے کا کام کر رہا ہوں۔‘‘
وینکٹ چاری، آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع میں واقع کونڈا پلّی (یعنی ’پہاڑیوں والا گاؤں‘) میں کھلونا بنانے والے ۲۲۹ کاریگروں میں سے ایک ہیں۔ اس گاؤں کے ایک طرف سرسبز مشرقی گھاٹ ہیں اور دوسری طرف نرلا ٹاٹا راؤ تھرمل پاور اسٹیشن۔
وہ اور یہاں کے دوسرے کاریگر کئی نسلوں سے کونڈا پلی کے مخصوص کھلونے تراشنے کا کام کرتے آئے ہیں۔ ان کے گھر کے تمام افراد یہی کام کرتے ہیں۔ وہ خود لکڑی تراشتے ہیں، ان کی اہلیہ جیوتی ان کھلونوں میں رنگ بھرنے کا کام کرتی ہیں۔ ان کی ۱۸ سالہ بیٹی مونیکا نے دسویں جماعت کے بعد پڑھائی چھوڑ دی تھی اور اب کھلونے بنانے میں اپنے والدین کی مدد کرتی ہیں۔








