جوان کھمری اونٹ، حراست کے صدمہ سے ابھی تک باہر نہیں نکل پایا ہے۔
کمّا بھائی لکھا بھائی رباری کہتے ہیں، ’’اسے پہلے کی طرح صحت مند ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔‘‘
گلہ بان کمّا بھائی اپنے ایک جوان نر اونٹ کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
جنوری ۲۰۲۲ میں رونما ہونے والے غیر معمولی واقعات کے اس دور کو جانتے ہوئے، جب مہاراشٹر کے امراوتی میں مقامی پولیس نے ۵۸ اونٹوں کو حراست میں لے لیا تھا، کمّا بھائی کی اس امید افزا بات کو سمجھا جا سکتا ہے۔ حالانکہ، ایک مہینہ بعد فروری میں ان اونٹوں کو رہا کر دیا گیا تھا، لیکن اُس وقت تک تقریباً سبھی اونٹوں کی صحت بگڑ چکی تھی۔
گلہ بانوں کا کہنا ہے کہ حراست کے دوران جانوروں کو ان کی معمول کی خوراک نہیں ملی۔ حراست کے دوران جس گئو رکشن کیندر میں انہیں رکھا گیا تھا، وہ ایک گئوشالہ تھی جس میں صرف گائے کا چارہ موجود تھا۔ کمّا بھائی کہتے ہیں، ’’وہ کھلے میں چرنے والے جانور ہیں اور بڑے درختوں کی پتیاں کھاتے ہیں۔ وہ عام طور پر وہ چارہ نہیں کھاتے جو دیگر مویشی کھاتے ہیں۔‘‘











