قہقہے سن کر ہم ان کی جانب متوجہ ہوئے۔ کچھ لڑکیاں رسی کود رہی ہیں، لڑکوں کا ایک گروپ کرکٹ کھیلنے میں مست ہے، کچھ بچے ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں اور کچھ اکیلے کنارے کھڑے ہیں، جہاں سے وہ اپنے کلاس کے ساتھیوں کو بڑے میدان میں کھیلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔
پُنے کے دونڈ تعلقہ میں دن بھر پاری کے لیے چکی کے گانوں کے پروجیکٹ کی شوٹنگ اور ریکارڈنگ کرنے کے بعد جب ہم اپنا سامان سمیٹ رہے تھے، تبھی مالتھن گاؤں کی ایک چھوٹی سی بستی، ییولیوستی میں بنے ضلع پریشد پرائمری اسکول کے بچوں کے قہقہے نے ہمیں اپنی جانب متوجہ کر لیا۔
یہاں کرکٹ کا کھیل چل رہا ہے، جسے پورے جوش و جذبہ کے ساتھ کھیلا جاتا ہے۔ ایک کنارے جو لڑکا بلے بازی کر رہا ہے، وہ کیمرے سے لیس، ہمیں اپنی جانب آتے ہوئے دیکھتا ہے، لیکن فوراً اپنی نظریں بالر کی طرف گھما کر گیند کو زور سے مارتا ہے۔ فیلڈرس اس گیند کو پکڑنے کے لیے دوڑنے لگتے ہیں۔
چند لڑکیاں ہمارے ارد گرد جمع ہو جاتی ہیں۔ گانا سنانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنی پڑی، حالانکہ شروع میں وہ تھوڑا شرماتی ہیں۔ گاتے وقت وہ ایک دوسرے کی طرف دیکھتی ہیں، اس بات کو پختہ کرنے کے لیے کہ گانا صحیح گا رہی ہیں یا نہیں۔ پاری ٹیم سے جتیندر میڈ ان بچوں کو ایک کھیل سکھاتے ہیں جس میں گانا اور ناچنا ساتھ ساتھ چلتا ہے۔ یہ لڑکیاں ایک دائرہ بنا لیتی ہیں اور جتیندر کے ذریعے بولی جانے والی ہر لائن اور دکھائی گئی ہر حرکت کو دوہراتی ہیں۔





