میں نے کہیں لکھا ہے کہ آپ شاید ہمیں اکھاڑ پھینکیں گے اور پانی میں ڈبو دیں گے۔ لیکن جلد ہی آپ کے لیے ذرا سا بھی پانی نہیں بچے گا۔ آپ ہماری زمینیں، ہمارا پانی چُرا سکتے ہیں، لیکن ہم پھر بھی آپ کی آنے والی نسلوں کی خاطر لڑیں گے، اور اپنی جان دیتے رہیں گے۔ جل (پانی)، جنگل اور زمین بچانے کے لیے جاری ہماری لڑائی صرف ہماری نہیں ہے۔ آخر، ہم میں سے کوئی بھی قدرت سے الگ نہیں ہے، ہر کوئی اس کا حصہ ہے۔ آدیواسی زندگی قدرت کے ساتھ تال میل بیٹھا کر چلنے کا نام ہے۔ ہم خود کو اس سے الگ کرکے نہیں دیکھتے۔ دیہولی بھیلی میں، میں نے جو تمام نظمیں لکھی ہیں ان میں سے کئی میں، میں نے اپنی برادری کے لوگوں کی قدروں کو محفوظ کرنے کی کوشش کی ہے۔
ہمارا، یعنی آدیواسی برادریوں کا نظریۂ کائنات آنے والی نسلوں کے لیے ایک بنیاد ہو سکتا ہے۔ اگر آپ اجتماعی خودکشی کے لیے تیار نہیں ہیں، تو آپ کے پاس اُس زندگی، اُس عالمی نظریہ کی طرف لوٹنے کے سوا کوئی دوسرا متبادل نہیں بچا ہے۔


