سرسبز پہاڑیوں، چھوٹے آبشاروں اور صاف ستھری ہوا کے درمیان ایک نوجوان آدمی اپنی بھینسوں کو چرتے ہوئے دیکھ رہا ہے۔
اس کے قریب پہنچنے پر وہ مجھ سے سوال کرتا ہے، ’’کیا آپ کوئی سروے کر رہی ہیں؟‘‘
میں کہتی ہوں، ’’نہیں،‘‘ اور اسے بتاتی ہوں کہ میں یہاں سوء تغذیہ کے واقعات پر رپورٹ کرنے آئی ہوں۔
ہم لوگ موکھاڈا تعلقہ میں ہیں، جو کہ مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں پڑتا ہے، جہاں کے ۵۲۲۱ بچوں کے بارے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ان کا وزن حد سے زیادہ کم ہے – اس رپورٹ کے مطابق، ریاست میں یہ دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔
ہم لوگ ریاست کی راجدھانی، ممبئی شہر سے بس ۱۵۷ کلومیٹر دور ہیں، لیکن یہاں کی ہریالی ایک الگ ہی دنیا کا نظارہ پیش کر رہی ہے۔
روہیداس کا تعلق کا ٹھاکر برادری سے ہے، جسے مہاراشٹر میں درج فہرست قبیلہ کا درجہ حاصل ہے۔ پالگھر ضلع میں، ۳۸ فیصد آبادی آدیواسیوں کی ہے۔ یہ نوجوان چرواہا مجھے اپنی صحیح عمر نہیں بتا پا رہا ہے، لیکن لگتا ہے کہ وہ ۳۰ سال کے آس پاس کا ہوگا۔ اس کے کندھے سے ایک چھاتا لٹک رہا ہے، گلے میں اس نے ایک تولیہ لپیٹ رکھا ہے اور ہاتھ میں ایک چھڑی پکڑی ہوئی ہے۔ پاس ہی میں اس کی دو بھینسیں گھاس چر رہی ہیں، جن کی وہ نگرانی کر رہا ہے۔ وہ کہتا ہے، ’’انہیں بارش کے دنوں میں ہی پیٹ بھر کھانے کو مل پاتا ہے۔ گرمیوں کے دنوں میں [چارے کی تلاش میں] انہیں ادھر ادھر کافی گھومنا پڑتا ہے۔‘‘






