ٹک – ٹک – ٹک!
یہ آواز کوڈاوتی پُڈی میں ترپال سے ڈھکی جھونپڑی سے آ رہی ہے۔ مُلمپک بھدر راجو، چیکِاّ سُتّی کی مدد سے ایک برتن کو تھپتھپا رہے ہیں – یہ ایک چھوٹا سا پیڈل نما لکڑی کا ہتھوڑا ہے، جسے برتن کو پوری طرح گول شکل میں ڈھالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
’’موٹی چیکاّ سُتّی کا استعمال برتن کے نچلے حصے کو بند کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس متوازن آلہ سے برتن کے نچلے حصے کو مزید ہموار کیا جاتا ہے۔ سب سے پتلی چیکا سُتّی پورے برتن کو ہموار کرنے کے لیے ہے،‘‘ ۷۰ سال کے بھدر راجو ضرورت کے مطابق ہتھوڑوں کا استعمال کرتے ہوئے برتن بنانے کے پورے عمل کی وضاحت کرتے ہیں۔
وہ بتاتے ہیں کہ سب سے پتلا، متوازن سائز کا آلہ کھجور کے درخت (بوراسس فلابیلیفر) کی شاخوں سے اور سب سے موٹا ارجن کے درخت (ٹرمنالیا ارجن) سے بنایا گیا ہے۔ وہ سب سے پتلی چیکا سُتی کا استعمال کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جس کے بعد اس پر پڑنے والی ضربیں نمایاں طور پر پرسکون ہو جاتی ہیں۔
اسے ۲۰ انچ قطر کے بڑے برتن کی شکل دینے میں تقریباً ۱۵ منٹ لگتے ہیں۔ اگر وہ کسی حصے کو توڑتے ہیں یا کسی طرف کا کوئی حصہ پھٹ جاتا ہے، تو وہ اس حصے پر مٹی ڈال کر اور اس عمل کو بار بار دہراتے ہوئے اسے تیزی سے ٹھیک کرتے ہیں۔









