انجلی ہمیشہ تلسی کا ذکر اپنی امّا (ماں) کے طور پر کرتی ہیں۔ یہ بتاتے ہوئے ان کے چہرے پر ایک فخریہ مسکراہٹ دکھائی دینے لگتی ہے۔ ان کے گھنگھرالے بال ایک جوڑے میں بندھے ہیں اور انہوں نے بہت صفائی کے ساتھ ایک گلابی ساڑی پہن رکھی ہے۔ تلسی ایک ٹرانس جینڈر خاتون ہیں اور اپنی نو سال کی بیٹی کی ماں ہیں۔
تلسی نے اپنی نوجوانی کے آخری برسوں میں خود کو ’کارتیگا‘ کہنا شروع کر دیا تھا۔ بعد میں ایک سرکاری ملازم نے غلطی سے ان کے راشن کارڈ میں ان کا نام ’تلسی‘ لکھ دیا – جو تمل میں ایک ایسا نام ہے جس کی کوئی صنف نہیں ہوتی۔ اس وقت انہوں نے خوشی خوشی اس نام کو اپنا لیا اور تب سے دونوں ہی ناموں سے جانی جانے لگیں۔
وہ تمل ناڈو کے تیروپورور میں ایک ایرولر بستی – درگاس میں اپنی بیٹی انجلی کے ساتھ پھوس کی ایک چھوٹی سی جھونپڑی میں رہتی ہیں۔ تلسی کی بیوی ان سے تب الگ ہو گئیں، جب انجلی ایک نوزائیدہ بچی تھی۔ اس لیے انہوں نے اس کی پرورش ایک سنگل پیرنٹ [ماں باپ میں سے کوئی ایک] کے طور پر کی۔ میاں بیوی نے اپنی نو سال کی پہلی اولاد کو سال ۲۰۱۶ میں وردا میں آئے ایک سمندری طوفان کے دوران گنوا دیا تھا۔
اب تقریباً چالیس سال کی ہو چکیں تلسی گزشتہ کئی سالوں سے تیرو ننگئی (ٹرانس خواتین کے لیے استعمال ہونے والا تمل لفظ) کمیونٹی کی رکن ہیں۔ اپنی گود میں بیٹھی انجلی کو پیار بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے وہ کہتی ہیں، ’’میں اس کے ہاتھ میں دودھ کی بوتل دے کر اسے ہماری [تیرو ننگئی] میٹنگوں میں لے جاتی تھی۔‘‘


















