ایم کروپّیاہ کی خواہش ہے کہ ان کی جب موت آئے، تو وہ کومبو بجا رہے ہوں۔ تاریخی طور پر دیکھا جائے تو، یہ پھونک سے بجنے والا ساز تھا، جسے میدانِ جنگ میں دشمن سے لڑائی کا اعلان کرنے کے لیے تیز آواز میں بجایا جاتا تھا۔ لہٰذا، لغوی طور پر دیکھا جائے تو، موت سے اس کا گہرا تعلق ہے۔ لیکن اگر کروپّیاہ پیتل یا تانبہ سے بنے ہاتھی کی سونڈ کی شکل کے اس بگل کو بجاتے ہوئے دنیا کو الوداع کہنا چاہتے ہیں، تو اس کے پیچھے کی وجہ کچھ اور ہے۔

۴۹ سالہ کروپیاہ کے لیے ’کومبو‘ فن موسیقی کی ایک عظیم شکل ہے۔ اور ان کا تعلق اس ساز کو بجانے والی چوتھی نسل سے ہے، حالانکہ آمدنی حاصل کرنے کے لیے مدروئی کے اپنے گاؤں میں انہیں آٹورکشہ چلانے پر بھی مجبور ہونا پڑا، پھر بھی یہ ساز ان کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہے۔

کروپیاہ بتاتے ہیں کہ تقریباً تین دہائی پہلے تک فون موسیقی کی یہ ’’سرفہرست‘‘ شکل تھی۔ وہ یاد کرتے ہیں کہ ۱۹۹۱ میں انہوں نے یہ ساز وزیر اعلیٰ جے جیہ للتا کے لیے بجایا تھا۔ ’’وہ اس سے اتنی متاثر ہوئیں کہ انہوں نے اسے دوبارہ بجانے کے لیے کہا!‘‘

لیکن آج کل، تیروپرن کُندرم بلاک میں واقع اُن کے گاؤں، میلکوئل کُڈی میں اُنہیں اور کومبو بجانے والے دیگر فنکاروں کو کام نہیں مل رہا ہے۔ موسیقی کی اس مترنم شکل کی جگہ اب حالیہ پاپ کلچر نے لے لی ہے، جس کی وجہ سے مارچ ۲۰۲۰ کے بعد کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران کومبو کا کافی نقصان ہوا ہے۔ اس آلۂ موسیقی کو بجانے والوں کے پاس نہ تو کوئی کام ہے اور نہ ہی پیسہ۔

کروپیاہ کو جب بھی کوئی کام ملتا ہے – مثلاً مندروں میں، عوامی تقریبات میں یا آخری رسومات کے دوران جب وہ کومبو بجاتے ہیں – تو انہیں اسے ایک بار بجانے کے ۷۰۰ روپے سے لیکر ۱۰۰۰ روپے تک ملتے ہیں۔ ’’لاک ڈاؤن کی وجہ سے، پچھلے سال سے ہم الگر کوئل تیروویلا میں نہیں بجا پا رہے ہیں۔ اس پروگرام میں ہمیں آٹھ دنوں کا کام مل جاتا تھا۔‘‘ مدورئی شہر سے ۲۰ کلومیٹر دور واقع الگر کوئل مندر میں ہر سال (اپریل- مئی میں) منائے جانے والے اس تہوار میں لاکھوں عقیدت مند جمع ہوتے ہیں، جہاں کومبو کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

’’ہر کوئی کومبو نہیں بجا سکتا۔ اسے بجانے میں کافی ہنر کی ضرورت پڑتی ہے،‘‘ الٹرنیٹو میڈیا سنٹر (اے ایم سی) کے بانی، آر کالیشورن کہتے ہیں۔ چنئی میں واقع یہ تنظیم، علاقائی فنکاروں اور فنون کی مدد کرتی ہے۔ اس ساز کو پروگرام کے شروع میں، اور پھر درمیان میں بجایا جاتا ہے، لیکن لگاتار نہیں بجایا جاتا۔ لہٰذا، اس کے فنکار عام طور پر اسے ۱۵ منٹ بجاتے ہیں، پھر پانچ منٹ آرام کرتے ہیں، اس کے بعد دیگر ۱۵ منٹ کے لیے بجاتے ہیں۔ ’’فنکار عموماً گہری سانس لیتا ہے اور پھر ہوا کو اس میں [کومبو میں] پھونک دیتا ہے۔‘‘ کالیشورن کہتے ہیں کہ سانسوں پر کنٹرول کا ہی کمال ہے کہ اس ساز کے تقریباً ۱۰۰ سال کی عمر کے فنکار آج بھی زندہ ہیں۔

Left: M. Karuppiah is a fourth-generation kombu artiste. Right: K. Periasamy is the leader of the artistes' group in Melakuyilkudi
PHOTO • M. Palani Kumar
Left: M. Karuppiah is a fourth-generation kombu artiste. Right: K. Periasamy is the leader of the artistes' group in Melakuyilkudi
PHOTO • M. Palani Kumar

بائیں: ایم کروپّیاہ کا تعلق کومبو فنکاروں کی چوتھی نسل سے ہے۔ دائیں: کے پیریا سامی، میلکوئل کُڈی میں فنکاروں کے گروپ کے لیڈر ہیں

۶۵ سالہ کے پیریا سامی، میلکوئل کُڈی میں فنکاروں کے گروپ، کومبو کلائی کُلو کے سرپرست ہیں۔ انہیں صرف کومبو بجانا آتا ہے۔ انہوں نے کئی لوگوں کو یہ ساز بجانا سکھایا ہے اور ان میں سے زیادہ تر مرد فنکاروں کی عمر ۳۰ سے ۶۵ سال کے درمیان ہے۔ ’’ہم کوئی دوسرا کام تلاش نہیں کر سکتے۔ ہمیں راشن میں صرف اَریسی [چاول] ملتا ہے، جو خراب کوالٹی کا ہوتا ہے۔ ہم خود کو کیسے زندہ رکھیں؟‘‘ پیریاسامی کہتے ہیں۔

ان کے گھر کا تمام قیمتی سامان – اسٹیل کا ایک برتن، تانبہ کی بنی ہوئی چاول کی ایک دیقچی، ان کی بیوی کی تھالی (منگل سوتر، یعنی گلے میں پہننے والا زیور) – گروی رکھا ہوا ہے۔ ’’ہمارے پاس اب صرف پانی بھرنے کے لیے پلاسٹک کا ایک ڈبہ بچا ہے،‘‘ پیریاسامی آہ بھرتے ہوئے کہتے ہیں۔ لیکن ان کی بنیادی تشویش فن موسیقی کی اس شکل کو لیکر ہے – کیا سرکار اس فن اور اس کے فنکاروں کے لیے کچھ کرے گی؟ اگر نہیں، تو کیا کومبو بجانے کا سلسلہ انہی کے ساتھ ختم ہو جائے گا؟

میلکوئل کُڈی میں کومبو بجانے والے ۲۰ فنکاروں کے پاس ۱۵ ساز ہیں۔ یہ بگل (باجا) اس کمیونٹی کے پاس ۴۰ سالوں سے ہے۔ پرانے کومبو کو احتیاط کے ساتھ، ٹیپ سے چپکاکر محفوظ رکھا جاتا ہے۔ برا وقت آنے پر، ساز بجانے والے کومبو کو گروی رکھ دیتے ہیں۔ نئے ساز مہنگے ہیں، جن کی قیمت ۲۰ سے ۲۵ ہزار روپے ہے، اور یہ صرف کُمبکونم میں ہی ملتے ہیں، جو یہاں سے ۲۵۰ کلومیٹر دور ہے۔

پی مگراجن اور جی پلپانڈی ۳۰ سال کے ہیں، اور دونوں نے ۱۰ سال کی عمر سے پہلے ہی اسے بجانا شروع کر دیا تھا۔ دونوں فن موسیقی کی اس شکل کے ارتقا کے ساتھ بڑے ہوئے، اور اس کے ساتھ ہی ان کے اعزازیہ میں بھی اضافہ ہوا۔ ’’جب میں ۱۰ سال کا تھا، تو اسے بجانے کے لیے مجھے ۵۰ روپے ملتے تھے۔ میں کافی خوش ہو جاتا تھا۔ اب مجھے ۷۰۰ روپے ملتے ہیں،‘‘ مگراجن بتاتے ہیں۔

پلپانڈی راج مستری کا کام کرکے ایک دن میں ۷۰۰ روپے کماتے ہیں۔ یہ کام ہمیشہ ملتا ہے اور آمدنی بھی یقینی ہے۔ لیکن کومبو سے انہیں عشق ہے، جسے بجانا انہوں نے اپنے دادا سے سیکھا تھا۔ ’’ تاتا [دادا] جب زندہ تھے، تو مجھے اس فن کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا،‘‘ وہ بتاتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے انہیں دوہری مار جھیلنی پڑی ہے۔ عمارتوں کی تعمیر کا کام ختم ہو گیا ہے اور کومبو بجانے کا کام بھی نہیں مل رہا ہے۔ ’’میں مدد ملنے کا انتظار کر رہا ہوں،‘‘ وہ کہتے ہیں۔

’’کالیشورن سر کی طرف سے مدد ملی،‘‘ کروپّیاہ بتاتے ہیں۔ تمل ناڈو میں جب مئی میں لاک ڈاؤن لگایا گیا، تو کالیشورن کی تنظیم، اے ایم سی نے ان فنکاروں کی فیملی کو ۱۰ کلو چاول تقسیم کیے تھے۔ کروپیاہ کی فیملی بڑی ہے، جس میں ان کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ لیکن وہ اپنا انتظام کر لیں گے، وہ کہتے ہیں۔ ’’ہم کھیت سے کچھ سبزیاں لا سکتے ہیں۔ کچھ بینگن، کچھ پیاز۔ لیکن شہروں میں رہنے والے لوگ کیا کریں گے؟‘‘

PHOTO • M. Palani Kumar

میلکوئل کُڈی کے کومبو فنکاروں کی جماعت، کومبو کلائی کُلو کے ممبران اور ان کی فیملی کے چند افراد

PHOTO • M. Palani Kumar

پیریاسامی اپنے پوتوں کے ساتھ۔ انہوں نے بہت سے لوگوں کو یہ روایتی ساز بجانا سکھا ہے

PHOTO • M. Palani Kumar

جی پلپانڈی کو کومبو سے عشق ہے، انہوں نے اپنے دادا سے اسے بجانا سیکھا تھا

PHOTO • M. Palani Kumar

۱۰ سالہ ستیش (بائیں)، اور ۱۷ سالہ اروسامی (دائیں) میلکوئل کُڈی میں کومبو فنکاروں کی اگلی نسل ہیں۔ وہ اس ساز کو بجانا جاری رکھنا چاہتے ہیں

PHOTO • M. Palani Kumar

بائیں: ۵۵ سالہ اے ملار یاد کرتے ہیں کہ ۱۹۹۱ میں کومبو بجانے پر انہیں ایک دن کے ۱۰۰ روپے ملتے تھے۔ اب انہیں ۸۰۰ سے ۱۰۰۰ روپے تک ملتے ہیں۔ دائیں: ایم کروپّیاہ بتاتے ہیں کہ اب انہیں زیادہ کام نہیں ملتا ہے

PHOTO • M. Palani Kumar

۳۵ سالہ پی مگراجن نے سات سال کی عمر سے ہی کومبو بجانا شروع کر دیا تھا

PHOTO • M. Palani Kumar

۵۷ سالہ پی انڈی، میلکوئل کُڈی میں بچوں کو کومبو بجانا سکھاتے ہیں

PHOTO • M. Palani Kumar

بائیں سے دائیں: پی انڈی، پی مگراجن، کومبو بجانے والے ایک فنکار (جن کا نام معلوم نہیں ہے) اور کے پیریاسامی اپنے اپنے آلہ موسیقی کے ساتھ۔ انگریزی کے حرف ’ایس‘ کی شکل کا یہ بگل پیتل یا تانبہ سے بنا ہے

اس اسٹوری کا متن اپرنا کارتی کیئن نے رپورٹر کے ساتھ مشترکہ طور پر تحریر کیا ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

M. Palani Kumar

एम. पलनी कुमार २०१९ सालचे पारी फेलो आणि वंचितांचं जिणं टिपणारे छायाचित्रकार आहेत. तमिळ नाडूतील हाताने मैला साफ करणाऱ्या कामगारांवरील 'काकूस' या दिव्या भारती दिग्दर्शित चित्रपटाचं छायांकन त्यांनी केलं आहे.

यांचे इतर लिखाण M. Palani Kumar
Translator : Qamar Siddique

क़मर सिद्दीक़ी, पारीचे ऊर्दू अनुवादक आहेत. ते दिल्ली स्थित पत्रकार आहेत.

यांचे इतर लिखाण Qamar Siddique