اوما پاٹل کے دو کمرے کے گھر کے ایک کونے میں لوہے کی ایک چھوٹی الماری ہے۔ اس کے اندر بڑے رجسٹروں، نوٹ بک، ڈائریوں اور سروے فارموں کی فوٹوکاپی کی شکل میں ہاتھ سے لکھا ہوا ایک دہائی کا ریکارڈ ہے۔ یہ سبھی موٹی پالیتھین کی تھیلیوں میں ایک دوسرے کے اوپر رکھے ہوئے ہیں۔
لگاتار بڑھتے کاغذ کے یہی وہ انبار ہیں، جن میں دیہی مہاراشٹر کے زیادہ تر لوگوں کی صحت، منظور شدہ سماجی صحت کارکنان (آشا) کے ذریعے درج کی جاتی ہے – بچے کی پیدائش سے لے کر، ٹیکہ کاری، نوجوانوں کی غذائیت، مانع حمل، تپِ دق وغیرہ سے متعلق ڈیٹا تک۔ اوما مہاراشٹر کے سانگلی ضلع میں میراج تعلقہ کے اراگ گاؤں کے لوگوں کا یہ ریکارڈ ۲۰۰۹ سے رکھ رہی ہیں۔ اور اپنے گاؤں کو صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں بار بار بتانے اور رہنمائی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دیہی مہاراشٹر میں، ۴۵ سالہ اوما کی طرح ہی، ۵۵ ہزار آشا کارکن روزانہ لمبے وقت تک اپنے گاؤوں میں بنیادی صحت خدمات کو یقینی بناتی ہیں۔ اس افرادی قوت کو ۲۰۰۵ میں قومی دیہی صحت مشن (این آر ایچ ایم) کے حصہ کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ ان مجموعی صحت کارکنان، جو تمام خواتین ہوتی ہیں، کو ۲۳ دنوں کی ٹریننگ کے بعد تعینات کیا جاتا ہے۔ این آر ایچ ایم نے آدیواسی گاؤوں میں ہر ۱۰۰۰ افراد (جنہوں نے کم از کم ۸ویں کلاس تک تعلیم حاصل کی ہے) کے لیے ایک، اور غیر آدیواسی گاؤوں میں ۱۵۰۰ لوگوں (جنہوں نے کم از کم ۱۰ویں کلاس پاس کیا ہے) کی آبادی کے لیے ایک ’آشا‘ کارکن کو لازمی بنایا ہے۔
اراگ میں، جو تقریباً ۱۵۶۰۰ لوگوں کا ایک بڑا گاؤں ہے، اوما کے ساتھ ۱۵ دیگر آشا کارکن ہر صبح ۱۰ بجے کے آس پاس نکلتی ہیں۔ اراگ میراج تعلقہ کے بیڈگ، لنگنور، کھاٹو، شندے واڑی اور لکشمی واڑی گاؤوں کے لیے بنیادی پی ایچ سی (بنیادی صحت مرکز) بھی ہے – تعلقہ کی کل آبادی تقریباً ۴۷۰۰۰ ہے، جہاں ۴۱ آشا کارکن تعینات ہیں۔
ہر ایک آشا کارکن خود کو سونپے گئے ہر ایک گھر کا دورہ کرتی ہیں، اور عام طور پر اس کام کے لیے ایک دن کے متعینہ پانچ گھنٹے سے زیادہ وقت لگاتی ہیں۔ ’’اگر گھر گاؤں کے اندر ہیں، تو دو گھنٹے میں ۱۰-۱۵ دورے کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ باہری علاقے میں یا کھیتوں پر رہتے ہیں۔ ایسے میں چار دورہ کرنے میں بھی پانچ گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگتا ہے۔ اور ہمیں جھاڑیوں، کھیتوں اور کیچڑ بھرے راستوں سے ہوکر جانا پڑتا ہے۔ مانسون کے دوران یہ اور بھی بدتر ہو جاتا ہے،‘‘ اوما کہتی ہیں۔















