’’اُس دن دوپہر کو مجھے اس بات کا یقین نہیں تھا کہ میں اور میرا بچہ زندہ بچ پائیں گے۔ میرے رحم میں پانی کی تھیلی پھٹ گئی تھی۔ نہ تو کوئی اسپتال نظر آ رہا تھا اور نہ ہی آس پاس کوئی ہیلتھ ورکر موجود تھا۔ میں درد زہ میں مبتلا تھی اور جیپ سے شملہ کے ایک اسپتال کی طرف جا رہی تھی۔ میرے اندر انتظار کرنے کی طاقت نہیں بچی تھی۔ میں نے بچے کو وہیں جنم دے دیا – بولیرو کے اندر ہی۔‘‘ اس واقعہ کے چھ مہینے بعد، جب اِس رپورٹر نے اپریل ۲۰۲۲ میں انورادھا مہتو (بدلا ہوا نام) سے ملاقات کی تو وہ اپنے نوزائیدہ بچے کو گود میں لیے بیٹھی تھیں، اور پورے واقعہ کو تفصیل سے بیان کرنے لگیں جو انہیں آج بھی اچھی طرح یاد ہے۔
’’دن کے تقریباً تین بج رہے تھے۔ جیسے ہی میرے رحم میں پانی کی تھیلی پھٹی، میرے شوہر نے آشا دیدی کو اس کی اطلاع دی۔ وہ اگلے ۱۵ یا ۲۰ منٹ کے اندر ہی میرے پاس پہنچ گئیں۔ مجھے یاد ہے کہ آتے ہی انہوں نے ایمبولینس کو کال کرنا شروع کیا۔ اُس دن بارش ہو رہی تھی۔ ایمبولینس والوں نے کہا کہ وہ ۱۰ منٹ میں نکل رہے ہیں، لیکن ہمارے گھر تک پہنچنے میں انہیں عام دنوں کے مقابلے ایک گھنٹہ زیادہ وقت لگا،‘‘ تقریباً ۳۰ سال کی ہو چکیں انورادھا بتاتی ہیں کہ بارش کے دنوں میں یہاں کی سڑکیں کس قدر خطرناک ہو جاتی ہیں۔
وہ ہماچل پردیش کے کوٹی گاؤں میں، ایک پہاڑی علاقے میں ٹن سے بنی عارضی جھونپڑی میں اپنے تین بچوں اور شوہر (جو ایک مہاجر مزدور ہیں) کے ساتھ رہتی ہیں۔ یہ لوگ بنیادی طور سے بہار کے بھاگلپور ضلع کے گوپال پور گاؤں کے رہنے والے ہیں۔
انورادھا، سال ۲۰۲۰ میں شملہ ضلع کے مشوبرا بلاک میں واقع کوٹی میں اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کے لیے آ گئی تھیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’ہمیں مالی مسائل کی وجہ سے [بہار کے] اپنے گاؤں سے یہاں آنا پڑا۔ دو جگہوں پر کرایہ دینا مشکل تھا۔‘‘ ان کے ۳۸ سالہ شوہر، رام مہتو (بدلا ہوا نام) تعمیراتی مقام پر راج مستری کا کام کرتے ہیں اور جہاں کہیں بھی انہیں یہ کام ملتا ہے انہیں وہاں وہاں جانا پڑتا ہے۔ فی الحال، وہ اپنی ٹن کی جھونپڑی کے ٹھیک سامنے ہی یہ کام کر رہے ہیں۔
عام دنوں میں بھی، ان کے گھر تک ایمبولینس کا پہنچنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ اور اگر یہ ایمبولینس تقریباً ۳۰ کلومیٹر دور، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر شملہ کے کملا نہرو اسپتال سے آتی تو اسے کوٹی پہنچنے میں ڈیڑھ سے دو گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ لیکن برسات اور برفباری کے دنوں میں اس سے بھی دو گنا وقت لگتا ہے۔










