’’آؤ آؤ سنو اپنی بھوشیہ وانی، سنو اپنی آگے کی کہانی…‘‘ جوہو بیچ پر شام کی گہماگہمی کے درمیان ان کی آواز کسی گہرے منتر کی طرح گونجتی ہے۔ مضافاتی ممبئی کے چہل پہل سے بھرے اس سمندری ساحل پر یہ غروب آفتاب کا وقت ہے، اور ۲۷ سال کے اُدے کمار لوگوں کو ان کے مستقبل کے بارے میں سننے کے لیے مدعو کر رہے ہیں۔

وہ کوئی تربیت یافتہ نجومی نہیں ہیں، اور نہ ہی ہاتھ کی لکیریں دیکھنے کے ماہر، یا گلے میں گلابی گھیرے والا طوطا لیے کوئی ٹیرو کارڈ ریڈر ہی۔ وہ تو وہاں چار فٹ اونچے فولڈ ایبل ٹیبل پر رکھے ایک چھوٹے سے تقریباً ایک فٹ کے روبوٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، جس پر آرائشی قمقمے لگے ہوئے ہیں۔ ’’اسے جیوتش کمپیوٹر لائیو اسٹوری کہتے ہیں،‘‘ وہ اس رپورٹر سے روبوٹ کا تعارف کراتے ہوئے کہتے ہیں۔

اپنی جانب ایک آدمی کو آتا ہوا دیکھ کر مشین سے جڑے ہیڈ فون کو اس متجسس گاہک کے ہاتھ میں سونپتے ہوئے وہ بتاتے ہیں کہ یہ آلہ آدمی کے لمس کا تجزہ کرنے کے قابل ہے۔ ایک چھوٹے سے وقفہ کے بعد ہندی میں بولتی ایک خاتون کی آواز اس آدمی کے مستقبل میں پوشیدہ رازوں کو اس کے سامنے ظاہر کرنے لگے گی۔ اس خدمت کے عوض کسی کو بھی صرف ۳۰ روپے ادا کرنے ہوتے ہیں۔

اُدے اپنے چچا رام چندر سے وراثت میں ملے اس تکنیکی عجوبہ کے اکیلے وارث ہیں، جو کئی دہائی قبل بہار کے گیندھا گاؤں سے ممبئی چلے گئے تھے اور وہاں راجو کے نام سے جانے جاتے تھے۔ جب جب ان کے چچا گھر لوٹتے، ان کے ساتھ شہر کی کچھ کہانیاں بھی ہوتیں۔ ’’چچا نے ہمیں بتایا تھا کہ ان کے پاس ایک عجوبہ ہے جو لوگوں کو ان کا مستقبل بتا سکتا ہے، اور کیسے وہ اس عجوبہ کی مدد سے پیسے کما رہے ہیں۔ ان کی بات کو مذاق سمجھ کر لوگ ان پر ہنستے تھے۔ لیکن، یہ باتیں مجھے اپنی جانب راغب کرتی تھیں!‘‘ اُدے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہیں۔ راجو نے ہی اپنے ۱۱ سالہ بھتیجے کو اس میٹروپولیٹن شہر کی حیرت انگیز دنیا اور اس مشین سے متعارف کرایا تھا۔

PHOTO • Aakanksha
PHOTO • Aakanksha

مستقبل کے بارے میں بتانے والے روبوٹ کے ساتھ ساحل سمندر پر اُدے کمار۔ اس روبوٹ کو وہ ’جیوتش کمپیوٹر لائیو اسٹوری‘ کہتے ہیں

کچھ بیگھے کی اپنی پشتینی زمین پر ہونے والی پیداوار پر منحصر رہنے والے اُدے کے والدین کو ہمیشہ مالی تنگیوں سے گزرنا پڑا، اور یہی وجہ تھی کہ انہیں چوتھی جماعت کے بعد اپنی تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنا پڑا۔ بہار کے ویشالی ضلع میں اپنا گاؤں چھوڑتے ہوئے یہ بات بھی ان کے ذہن میں تھی کہ فیملی کو ان کی مالی مدد کی ضرورت ہے۔ ممبئی میں اپنے چچا راجو کے پاس وہ اسی ارادے سے آئے تھے۔ تب وہ نوخیز عمر کے تھے۔ ’’وہ مشین دیکھنا تھا اور ممبئی۔‘‘ یہ کہتے ہوئے وہ اپنے ماضی کی یادوں میں ڈوب سے گئے۔

راجو کو یہ بھی یاد ہے کہ ۹۰ کی دہائی میں ممبئی لائی گئی ان کے چچا کی اُس مشین کو چنئی اور کیرالہ کے کاریگروں نے بنایا تھا۔ راجو چچا نے ان میں سے ایک کاریگر سے مل کر کرایے پر ایک مشین کا انتظام کیا تھا اور مستقبل بتانے کے اس کاروبار میں ہاتھ آزمانے کی شروعات کی تھی۔

’’اس وقت اس کام میں تقریباً ۲۵-۲۰ لوگ تھے،‘‘ اُدے بتاتے ہیں۔ ’’ان میں سے زیادہ تر لوگ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں اور بہار اور اتر پردیش کے چند ضلعوں سے تھے۔ ان سب کے پاس ایک جیسی ہی مشینیں تھیں۔‘‘

راجو کی طرح ہی وہ سب بھی حیرت پیدا کرنے والی مشینوں کے ساتھ شہر میں یہاں وہاں گھومتے رہتے تھے، لیکن جوہو بیچ ان آوارگی کرنے والوں کا ایک خاص ٹھکانہ ہوا کرتا تھا۔ ادے بھی اپنے چچا کے ساتھ پورے شہر میں گھومتے رہتے تھے۔ چچا کی ایک چوتھائی کمائی مشین کا کرایہ ادا کرنے میں ختم ہو جاتی تھی۔ مشین کی قیمت تقریباً ۴۰ ہزار روپے تھی۔ اُدے کے چچا راجو کے لیے شروعات میں اتنی مہنگی مشین کو خرید پانا مشکل تھا۔ لیکن بعد میں انہوں نے اسے خرید لیا۔

PHOTO • Aakanksha
PHOTO • Aakanksha

اُدے حیرت پیدا کرنے والی اپنی اس مشین کے ساتھ ممبئی شہر میں گھومتے رہتے ہیں، لیکن جوہو بیچ ان کے لیے خاص ہے

بہت کوششوں کے باوجود اُدے اس مشین کو اپنے ہاتھوں سے بنانے کی ترکیب نہیں ڈھونڈ سکے۔ مستقبل بتانے والی یہ مشین کئی سال پہلے راجو کے گزر جانے کے بعد ہی انہیں وراثت میں مل پائی۔ چونکہ اُدے اس مشین اور پیشہ کے تئیں شروع سے ہی پر اعتماد تھے، اس لیے اس روایت کو آگے بڑھانے کی صلاحیت بھی وہی رکھتے تھے۔

تقریباً دس سال پہلے لوگ اپنے مستقبل کی ایک جھلک پانے کے لیے ۲۰ روپے ادا کرتے تھے، لیکن گزشتہ چار سالوں میں یہ بڑھ کر صرف ۳۰ روپے تک ہی پہنچ پایا ہے۔ کووڈ۔۱۹ وبائی مرض نے اس دھندے پر بہت برا اثر ڈالا۔ ’’کئی لوگوں نے یہ کام چھوڑ دیا،‘‘ اُدے کہتے ہیں۔ وبائی مرض کے بعد اس کام کو جاری رکھنے والے وہ شاید آخری شخص ہیں۔

حالانکہ، خود اُدے کے لیے بھی صرف اس مشین سے ہونے والی آمدنی پر منحصر رہنا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کی بیوی اور پانچ سال کا بیٹا گاؤں میں رہتے ہیں۔ انہیں امید ضرور ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو ممبئی لا کر پڑھا سکیں گے۔ صبح کے وقت وہ کئی دوسرے کام کرتے ہیں – مثلاً کہیں حساب کتاب کرنے کا کام یا پرچیاں بیچنے جیسے چھوٹے موٹے کام۔ وہ اپنی آمدنی کو بڑھانے کے لیے ان تمام کاموں کو کرنے کے خواہش مند ہیں جو انہیں مل جائے۔ ’’جب مجھے صبح کوئی کام نہیں ملتا ہے، تب میں ہمیشہ یہاں اس روبوٹ کے ساتھ کھڑا رہتا ہوں، تاکہ میں کچھ پیسے کما کر اپنی فیملی کو بھیج سکوں،‘‘ وہ کہتے ہیں۔

اُدے جوہو بیچ کے کناروں پر شام ۴ بجے تک پہنچ جاتے ہیں اور آدھی رات تک وہیں رہتے ہیں۔ انہیں ڈر لگتا ہے کہ کسی دوسری جگہ اتنی رات تک رہنے سے ان کو جرمانہ دینا پڑ سکتا ہے۔ مشین کو کہیں لے کر جانا بھی بہت آسان کام نہیں ہے۔ کمائی کے لحاظ سے ہفتے کے آخری دن ٹھیک ٹھاک ہوتے ہیں، جب ان کے پاس عام دنوں کے مقابلے اچھے خاصے گاہک آتے ہیں۔ اچھی کمائی کے دنوں میں وہ ۵۰۰-۳۰۰ روپے تک کما لیتے ہیں۔ کل ملا کر وہ ایک مہینہ میں ۷ سے ۱۰ ہزار روپے تک کما لیتے ہیں۔

PHOTO • Aakanksha
PHOTO • Aakanksha

ادے کمار کو یہ مشین ان کے چچا سے ملی ہے۔ اس مشین اور ممبئی کی دلکشی نے انہیں اس شہر میں آنے کے لیے مجبور کیا، جب وہ نوخیز عمر کے تھے

’’گاؤں میں لوگ مشین پر نہیں، بلکہ نجومیوں پر یقین کرتے ہیں، اس لیے وہاں اس کام میں زیادہ کمائی نہیں ہے،‘‘ اُدے بتاتے ہیں۔ اس لیے وہ اپنے گؤں کے دوسرے بہاریوں کو مشین کی اس کرشمائی طاقت کے تئیں بھروسہ دلانے میں ناکام رہے۔ وہ اس بات کو مانتے ہیں کہ اس کام کے لیے ممبئی صحیح جگہ ہے، جب کہ بیچ پر تفریح کے لیے آنے والے زیادہ تر لوگوں کے لیے مستقبل بتانے والی یہ مشین تفریح کا ذریعہ ہے، اور اس کی معتبریت ان کے لیے مشکوک ہے۔

’’کچھ لوگ اس روبوٹ کا مزہ لیتے ہیں اور اس پر ہنستے ہیں، اور کچھ لوگ اسے دیکھ کر حیرت زدہ ہو جاتے ہیں۔ ابھی حال فی الحال میں جب اپنے ایک دوست کے کہنے پر ایک آدمی نے اس مشین کو آزمایا، تو پہلے تو اسے اس پر یقین نہیں ہوا، لیکن بعد میں وہ اس مشین سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پایا۔ اس نے مجھے بتایا کہ روبوٹ کو یہ بات معلوم تھی کہ مجھے پیٹ سے متعلق کچھ شکایتیں ہیں، اور زیادہ فکر نہیں کرنی چاہیے۔ ایسی باتیں کہنے والے مجھے کئی دوسرے لوگ بھی ملے،‘‘ اُدے بتاتے ہیں۔ ’’یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ ان چیزوں پر کتنا یقین کرتے ہیں۔‘‘

’’اس مشین نے مجھے کبھی دھوکہ نہیں دیا،‘‘ مشین کے کام کاج پر فخر کے ساتھ اُدے کہتے ہیں۔

کیا یہ کبھی اچانک بند نہیں ہوئی؟

اُدے بتاتے ہیں کہ کبھی کبھی ایسی حالت پیدا ہونے پر وہ اسے شہر میں موجود ایک میکینک کے پاس لے جاتے ہیں جو اس کی وائرنگ کو ٹھیک کر دیتا ہے۔

’’یہ جو کچھ بتاتا ہے، میں ان باتوں پر بھروسہ کرتا ہوں۔ یہ میری امید کو زندہ رکھتی ہے کہ مجھے اپنا کام کرتے رہنا چاہیے،‘‘ ادے کہتے ہیں۔ وہ اپنی خود کی زندگی کے بارے میں پیشین گوئی کرنے والی اس مشین کے کہے گئے الفاظ کو ظاہر کرنے میں ہچکچاتے نہیں ہیں۔ ’’اس کے اندر کوئی جادو تو ہے اور آج بھی مجھے یہ مشین میرے بارے میں جو کچھ بھی کہتی ہے، میرے اوپر اس کا گہرا اثر ہوتا ہے۔ میں آپ کو بھروسہ کرنے کے لیے نہیں کہوں گا۔ آپ خود سنئے اور فیصلہ کیجئے،‘‘ وہ ہنستے ہوئے کہتے ہیں۔

PHOTO • Aakanksha

پیشین گوئی کرنے والی یہ مشین زیادہ تر لوگوں کے لیے تفریح کی ایک چیز ہے اور عموماً لوگ اسے غیر یقینی کے ساتھ دیکھتے ہیں

PHOTO • Aakanksha

’گاؤں میں لوگ اس مشین کے مقابلے نجومیوں پر زیادہ یقین کرتے ہیں، اس لیے وہاں اس کے ذریعے اچھی کمائی نہیں ہوتی ہے،‘ ادے بتاتے ہیں۔ اس کام کے لیے ممبئی ہی ٹھیک جگہ ہے

PHOTO • Aakanksha

کچھ لوگ اس کی پیشین گوئی کو مذاق سمجھ کر اس پر ہنس سکتے ہیں، لیکن ادے بتاتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو یہ مشین حیرت زدہ بھی کرتی ہے۔ بقول ان کے، مشین کبھی غلط نہیں بتاتی ہے

PHOTO • Aakanksha

صرف اس مشین سے ہونے والی کمائی سے ادے کا گزارہ نہیں ہوتا ہے۔ صبح کے وقت وہ کئی دوسرے کام بھی کرتے ہیں، لیکن شام ڈھلنے سے پہلے وہ اپنے روبوٹ کو لے کر ہر حال میں بیچ پر پہنچ جاتے ہیں

PHOTO • Aakanksha

ایک گاہک ۳۰ روپے ادا کر کے اپنے مستقبل کے بارے میں سن رہا ہے

PHOTO • Aakanksha

کووڈ۔۱۹ وبائی مرض کے دوران ان کے کام پر بہت برا اثر پڑا۔ لیکن اس کے بعد بھی انہوں نے یہ کام جاری رکھا

PHOTO • Aakanksha

اُدے کو اس مشین کے ذریعے اپنے بارے میں کی گئی پیشین گوئی بہت تسلی دیتی ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’مجھے اس پر پورا بھروسہ ہے‘

مترجم: محمد قمر تبریز

Aakanksha

ಆಕಾಂಕ್ಷಾ ಅವರು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ವರದಿಗಾರರು ಮತ್ತು ಛಾಯಾಗ್ರಾಹಕರು. ಎಜುಕೇಷನ್ ತಂಡದೊಂದಿಗೆ ಕಂಟೆಂಟ್ ಎಡಿಟರ್ ಆಗಿರುವ ಅವರು ಗ್ರಾಮೀಣ ಪ್ರದೇಶದ ವಿದ್ಯಾರ್ಥಿಗಳಿಗೆ ತಮ್ಮ ಸುತ್ತಲಿನ ವಿಷಯಗಳನ್ನು ದಾಖಲಿಸಲು ತರಬೇತಿ ನೀಡುತ್ತಾರೆ.

Other stories by Aakanksha
Editor : Pratishtha Pandya

ಪ್ರತಿಷ್ಠಾ ಪಾಂಡ್ಯ ಅವರು ಪರಿಯ ಹಿರಿಯ ಸಂಪಾದಕರು, ಇಲ್ಲಿ ಅವರು ಪರಿಯ ಸೃಜನಶೀಲ ಬರವಣಿಗೆ ವಿಭಾಗವನ್ನು ಮುನ್ನಡೆಸುತ್ತಾರೆ. ಅವರು ಪರಿಭಾಷಾ ತಂಡದ ಸದಸ್ಯರೂ ಹೌದು ಮತ್ತು ಗುಜರಾತಿ ಭಾಷೆಯಲ್ಲಿ ಲೇಖನಗಳನ್ನು ಅನುವಾದಿಸುತ್ತಾರೆ ಮತ್ತು ಸಂಪಾದಿಸುತ್ತಾರೆ. ಪ್ರತಿಷ್ಠಾ ಗುಜರಾತಿ ಮತ್ತು ಇಂಗ್ಲಿಷ್ ಭಾಷೆಗಳಲ್ಲಿ ಕೆಲಸ ಮಾಡುವ ಕವಿಯಾಗಿಯೂ ಗುರುತಿಸಿಕೊಂಡಿದ್ದು ಅವರ ಹಲವು ಕವಿತೆಗಳು ಮಾಧ್ಯಮಗಳಲ್ಲಿ ಪ್ರಕಟವಾಗಿವೆ.

Other stories by Pratishtha Pandya
Translator : Qamar Siddique

ಕಮರ್ ಸಿದ್ದಿಕಿ ಅವರು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ಉರ್ದು ಅನುವಾದ ಸಂಪಾದಕರು. ಮತ್ತು ದೆಹಲಿ ಮೂಲದ ಪತ್ರಕರ್ತರು.

Other stories by Qamar Siddique