یہ بتانا مشکل ہوگا کہ کون ہندو ہے اور کون مسلمان۔‘‘

محمد شبیر قریشی (۶۸) اپنے اور ۵۲ سال کے اپنے پڑوسی اجے سینی کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ دونوں ایودھیا کے رہائشی ہیں اور رام کوٹ کے دوراہی کنواں علاقہ میں گزشتہ ۴۰ برسوں سے ایک دوسرے کے دوست ہیں۔

دونوں خاندانوں کے درمیان کافی قربت ہے، ان کی ایک جیسی تشویشیں ہیں اور یہ لوگ ایک دوسرے پر کافی بھروسہ کرتے ہیں۔ اجے سینی یاد کرتے ہیں، ’’ایک بار جب میں کام پر تھا، تو گھر سے فون آیا کہ بیٹی بیمار ہے۔ جب تک میں گھر آتا، میری بیوی نے بتایا کہ قریشی فیملی ہماری بیٹی کو اسپتال لے گئی ہے، اور دوائیں بھی خریدی ہیں۔‘‘

پیچھے جس آنگن میں دونوں بیٹھے ہیں، وہاں بھینسیں، بکریاں اور آدھا درجن مرغیاں بھی موجود ہیں۔ دونوں خاندانوں کے بچے ادھر ادھر دوڑ بھاگ رہے ہیں، کھیل رہے ہیں اور آپس میں باتیں کر رہے ہیں۔

یہ جنوری ۲۰۲۴ کا دن ہے، ایودھیا میں زور شور سے رام مندر کے افتتاح کی تیاری چل رہی ہے۔ نئی، بھاری بھرکم دوہرے بیریکیڈ والی لوہے کی باڑ ان کے گھروں کو مندر کے احاطہ سے الگ کرتی ہے۔

سینی تب نوجوان تھے، جب وہ اور ان کی فیملی ۸۰ کی دہائی میں قریشی کے بغل والے گھر میں رہنے آئی تھی۔ وہ تب بابری مسجد کے احاطہ میں رام کی مورتی دیکھنے آنے والے عقیدت مندوں کو ایک روپیہ میں پھولوں کی مالائیں بیچا کرتے تھے۔

قریشی فیملی بنیادی طور پر قصائی تھی۔ فیملی کے پاس ایودھیا شہر کے باہری علاقے میں گوشت کی ایک دکان ہوا کرتی تھی۔ سال ۱۹۹۲ کے دوران ہوئی آگ زنی میں گھر برباد ہونے کے بعد فیملی نے ویلڈنگ کا کام شروع کیا۔

Left: Ajay Saini (on a chair in green jacket), and his wife, Gudiya Saini chatting around a bonfire in December. They share a common courtyard with the Qureshi family. Also in the picture are Jamal, Abdul Wahid and Shabbir Qureshi, with the Saini’s younger daughter, Sonali (in a red sweater).
PHOTO • Shweta Desai
Right: Qureshi and his wife along with his grandchildren and Saini’s children
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: اجے سینی (ہری جیکٹ میں کرسی پر)، اور ان کی بیوی گڑیا سینی دسمبر مہینہ میں الاؤ کے پاس باتیں کر رہے ہیں۔ وہ قریشی فیملی کے ساتھ آنگن شیئر کرتے ہیں۔ تصویر میں جمال، عبدالواحد اور شبیر قریشی کے ساتھ سینی کی چھوٹی بیٹی سونالی (لال رنگ کے سوئیٹر میں) بھی نظر آ رہی ہے۔ دائیں: قریشی اور ان کی بیوی اپنے پوتے پوتیوں اور سینی فیملی کے بچوں کے ساتھ

’’ان بچوں کو دیکھئے…یہ ہندو ہیں…ہم مسلمان ہیں۔ یہ سبھی بھائی بہن ہیں،‘‘ قریشی آس پاس کھیل رہے سبھی چھوٹے بڑے پڑوس کے بچوں کی بھیڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں۔ پھر مزید کہتے ہیں، ’’اب آپ ہمارے رہن سہن سے پتہ لگائیے کہ یہاں کون کیا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بھید بھاؤ نہیں کرتے۔‘‘ اجے سینی کی بیوی گڑیا سینی اس سے متفق ہیں اور کہتی ہیں، ’’اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کا مذہب الگ ہے۔‘‘

ایک دہائی قبل، قریشی کی اکلوتی بیٹی نور جہاں کی شادی ہوئی تھی۔ اجے سینی بتاتے ہیں، ’’ہم اس میں شامل ہوئے تھے، مہمانوں کا استقبال اور ان کی خدمت کی تھی۔ ہمیں ایک خاندان کے فرد کے برابر ہی عزت ملتی ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔‘‘

جلد ہی بات چیت رام مندر پر آ جاتی ہے، جسے اُس جگہ سے دیکھا جا سکتا ہے جہاں وہ بیٹھے ہیں۔ یہ عالیشان عمارت ابھی بھی بن رہی ہے، بڑے بڑے کرینوں سے گھری ہے، اور سردیوں کی دھند میں لپٹی ہے۔

قریشی نئے مندر کے اس شاندار ڈھانچہ کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جو ان کے معمولی اینٹ گارے سے بنے گھر سے بمشکل کچھ فٹ دور ہے۔ وہ یاد کرتے ہیں، ’’وہ مسجد تھی، وہاں جب مغرب کے وقت اذان ہوتی تھی، تو میرے گھر میں چراغ جلتا تھا۔‘‘ وہ مسجد گرائے جانے سے کچھ عرصے پہلے کی بات بتا رہے ہیں۔

مگر جنوری ۲۰۲۴ کی شروعات میں صرف اذان کا خاموش ہونا ہی قریشی کو پریشان نہیں کرتا۔

سینی اس رپورٹر کو بتاتے ہیں، ’’ہمیں کہا گیا ہے کہ رام مندر احاطہ سے منسلک ان تمام گھروں کو خالی کرایا جائے گا۔ اپریل- مئی (۲۰۲۳) کے مہینوں میں محکمہ محصولات اراضی کے ضلعی حکام نے علاقے کا دورہ کیا تھا اور گھروں کی پیمائش کی تھی۔‘‘ ایسا اس لیے ہے، کیوں کہ سینی اور قریشی کا گھر مندر کے احاطہ اور دوہری بیریکیڈ والی گھیرابندی سے سٹا ہوا ہے۔

گڑیا مزید کہتی ہیں، ’’ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے گھر کے پاس اتنا بڑا مندر بنا ہے اور آس پاس یہ سب ترقی ہو رہی ہے۔ مگر ان چیزوں [نقل مکانی] سے ہماری مدد نہیں ہونے والی۔ ایودھیا کا کایا پلٹ ہو رہا ہے، پر ہم ہی لوگوں کو پلٹ کے۔‘‘

کچھ فاصلہ پر رہنے والی گیان متی یادو کا گھر پہلے ہی جا چکا ہے اور ان کی فیملی اب گائے کے گوبر اور خشک گھاس سے ڈھکی ایک عارضی پھوس کی جھونپڑی کے نیچے رہتی ہے۔ بیوہ گیان متی نئے ماحول میں فیملی کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہمیں اپنا گھر چھوڑنا پڑے گا، تاکہ رام کو اپنا مندر ملے۔‘‘ یادو فیملی دودھ بیچ کر اپنا گزارہ کرتی ہے۔

Gyanmati (left) in the courtyard of her house which lies in the vicinity of the Ram temple, and with her family (right). Son Rajan (in a blue t-shirt) is sitting on a chair
PHOTO • Shweta Desai
Gyanmati (left) in the courtyard of her house which lies in the vicinity of the Ram temple, and with her family (right). Son Rajan (in a blue t-shirt) is sitting on a chair
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: رام مندر کے پاس واقع اپنے گھر کے آنگن میں گیان متی (بائیں)۔ اپنی فیملی (دائیں) کے ساتھ۔ بیٹا راجن (نیلی ٹی شرٹ میں) کرسی پر بیٹھا نظر آ رہا ہے

ان کا چھ کمروں پر مشتمل پختہ گھر اہیرانہ محلہ میں مندر کے سامنے داخلی دروازہ سے منسلک تھا، لیکن دسمبر ۲۰۲۳ میں اسے مسمار کر دیا گیا۔ ان کے بڑے بیٹے راجن کہتے ہیں، ’’وہ بلڈوزر لائے اور ہمارے گھر کو گرا دیا۔ جب ہم نے انہیں دستاویز، ہاؤس ٹیکس اور بجلی بل دکھانے کی کوشش کی، تو افسروں نے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ اُس رات چار بچوں، ایک بزرگ سسر اور چھ مویشیوں پر مشتمل فیملی بغیر چھت کے سردیوں کی ٹھنڈ میں کانپ رہی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا، ’’ہمیں کچھ بھی لے جانے نہیں دیا۔‘‘ ترپال کے ٹینٹ میں آنے سے پہلے ہی یہ فیملی دو بار جگہ بدل چکی ہے۔

گیان متی کہتی ہیں، ’’یہ میرے شوہر کا آبائی گھر تھا۔ پانچ دہائی سے بھی پہلے ان کی اور ان کے بھائی بہنوں کی پیدائش یہیں ہوئی تھی۔ مگر ہمیں کوئی معاوضہ نہیں ملا، کیوں کہ افسروں نے کہا کہ یہ نزول کی زمین تھی، جب کہ ہمارے پاس اپنا مالکانہ حق ثابت کرنے والے کاغذ موجود تھے۔‘‘

قریشی اور ان کے بیٹے کہتے ہیں کہ اگر مناسب معاوضہ ملا، تو وہ ایودھیا شہر کی سرحد کے اندر زمین کا ایک ٹکڑا لے لیں گے، مگر یہ کوئی خوشی کی بات نہیں ہوگی۔ شبیر کے چھوٹے بیٹوں میں سے ایک جمال قریشی کہتے ہیں، ’’یہاں ہمیں ہر کوئی جانتا ہے۔ ہمارے گہرے تعلقات ہیں۔ اگر ہم یہاں سے چلے جائیں اور [مسلم اکثریتی] فیض آباد میں بس جائیں، تو ہم دوسرے عام لوگوں کی طرح ہی ہو جائیں گے۔ ہم ایودھیا واسی [ایودھیا کے رہائشی] نہیں رہیں گے۔‘‘

یہی خیال اجے سینی کا بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’’ہماری عقیدت اس زمین سے جڑی ہوئی ہے۔ اگر ہمیں کوئی ۱۵ کلومیٹر دور بھیج دے، تو ہماری عقیدت اور روزی روٹی دونوں ہی چھن جائیں گے۔‘‘

اپنے کام کی وجہ سے ہی سینی بھی گھر چھوڑ کر کہیں دور جانے کے لیے راضی نہیں ہیں۔ وہ بتاتے ہیں، ’’میں یہاں سے نیا گھاٹ کے پاس ناگیشور ناتھ مندر میں پھول بیچنے کے لیے روزانہ ۲۰ منٹ سائیکل چلا کر جاتا ہوں۔ سیاحوں کی بھیڑ کے حساب سے میں روزانہ ۵۰ سے ۵۰۰ روپے تک کما لیتا ہوں۔ گھر چلانے کے لیے یہی میری آمدنی کا واحد ذریعہ ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ کسی بھی تبدیلی کا مطلب ہوگا ’’آنے جانے میں لمبا وقت اور اضافی خرچ۔‘‘

جمال کہتے ہیں، ’’ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے پیچھے ہی اتنا عالیشان مندر کھڑا ہے۔ اسے ملک کی عدالت عظمی نے عقیدت کی بناپر منظوری دی ہے اور اس کی مخالفت کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘

’’لیکن،‘‘ وہ مزید کہتے ہیں، ’’ہمیں یہاں رہنے نہیں دیا جائے گا۔ ہمیں بے دخل کیا جا رہا ہے۔‘‘

Left: Workmen for the temple passing through Durahi Kuan neighbourhood in front of the double-barricaded fence.
PHOTO • Shweta Desai
Right: Devotees lining up at the main entrance to the Ram temple site
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: دوراہی کنواں علاقے میں ڈبل بیریکیڈ کی گھیرابندی کے سامنے سے گزرتے مندر کے ملازمین۔ دائیں: رام مندر سائٹ کے داخلی دروازہ پر قطار میں کھڑے عقیدت مند

یہ خاندان پہلے ہی سی آر پی ایف جوانوں کے ساتھ ملٹری والے علاقے میں آباد ہونے کا دباؤ جھیل رہے ہیں۔ ان کے گھر کے پاس مندر کے پیچھے ایک واچ ٹاور پر پہرہ دیا جاتا ہے۔ گڑیا کہتی ہیں، ’’ہر مہینے الگ الگ ایجنسیاں یہاں رہنے والوں کی تصدیقی جانچ کے لیے چار بار آتی ہیں۔ اگر ہمارے یہاں مہمان اور رشتہ دار رات بھر رک جائیں، تو ان کے بارے میں پولیس کو بتانا ہوتا ہے۔‘‘

مقامی لوگوں کو اہیرانہ گلی اور مندر کے پاس کچھ سڑکوں پر سواری کرنے کی ممانعت ہے۔ اس کے بجائے انہیں ہنومان گڑھی کے درمیان پہنچنے کے لیے لمبا گھماؤدار راستہ لینا پڑتا ہے۔

۲۲ جنوری، ۲۰۲۴ کو رام مندر کی شاندار افتتاحیہ تقریب کے دوران دوراہی کنواں میں ان کے گھروں کے آگے کا راستہ سیاسی لیڈروں، وزیروں اور مشہور ہستیوں جیسے وی آئی پی لوگوں کا راستہ بن گیا تھا، جو وہاں بڑی تعداد میں آئے تھے۔

*****

۵ فروری ۲۰۲۴، بروز پیر کو ریاستی حکومت نے ۲۵-۲۰۲۴ کے لیے اپنا بجٹ پیش کیا اور اسے بھگوان رام کو وقف کیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’بجٹ کے تصور، عہد اور ہر لفظ میں بھگوان شری رام ہیں۔‘‘ بجٹ میں ایودھیا میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ۱۵۰۰ کروڑ روپے سے زیادہ دیے گئے ہیں۔ اس میں سیاحت کے فروغ کے لیے ۱۵۰ کروڑ روپے اور بین الاقوامی رامائن اور ویدک تحقیقی ادارہ کے لیے ۱۰ کروڑ روپے شامل ہیں۔

رام مندر کا احاطہ تقریباً ۷۰ ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے، وہیں مندر تقریباً ۷ء۲ ایکڑ میں بنا ہوا ہے۔ پورے پروجیکٹ کے پیسے شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ (ایس آر جے ٹی کے ٹی) سے آتے ہیں۔ یہ ٹرسٹ فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کے تحت رجسٹرڈ کچھ خاص اداروں میں شامل ہے، جسے غیر ملکی شہریوں سے عطیہ لینے کی اجازت ہے۔ ہندوستانی شہریوں کی طرف سے ٹرسٹ کو دیے گئے عطیہ پر ٹیکس میں چھوٹ ملتی ہے۔

مرکزی حکومت پہلے ہی ایودھیا کے لیے دل کھول کر پیسے مختص کر چکی ہے، جس میں ۱۱ ہزار ۱۰۰ کروڑ روپے کے ’ترقیاتی‘ پروجیکٹوں کے ساتھ ریلوے اسٹیشن کی از سر نو تعمیر کے لیے ۲۴۰ کروڑ روپے اور نئے ہوائی اڈے کے لیے ۱۴۵۰ کروڑ روپے کی تجویز ہے۔

افتتاح کے بعد مزید اٹھا پٹک کا خدشہ ہے۔ مُکیش میشرام کہتے ہیں، ’’مندر کھلنے کے بعد ایودھیا میں روزانہ ۳ لاکھ سے زیادہ سیاحوں کے آنے کی امید ہے۔‘‘ میشرام حکومت اتر پردیش کے پرنسپل سکریٹری (سیاحت) ہیں۔

اضافی مہمانوں کی تیاری کے لیے شہر بھر میں بنیادی ڈھانچے کو توسیع بخشنے والے منصوبے تیار کیے جائیں گے جو پرانے گھروں اور بھائی چارے کو روند کر نکلیں گے۔

Left: The Qureshi and Saini families gathered together: Anmol (on the extreme right), Sonali (in a red jumper), Abdul (in white), Gudiya (in a polka dot sari) and others.
PHOTO • Shweta Desai
Right: Gyanmati's sister-in-law Chanda. Behind her, is the portrait of Ram hung prominently in front of the house
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: قریشی اور سینی خاندان ایک ساتھ موجود ہیں: انمول (سب سے دائیں طرف)، سونالی (لال جمپر میں)، عبدالواحد (سفید رنگ کے کپڑے میں)، گڑیا (ساڑی میں) اور دیگر لوگ۔ دائیں: گیان متی کی بھابھی چندا۔ ان کے پیچھے آویزاں رام کی ایک تصویر دیکھی جا سکتی ہے

Left: Structures that were demolished to widen the main road, 'Ram Path'.
PHOTO • Shweta Desai
Right: the renovated Ayodhya railway station. This week, the state budget announced more than Rs. 1,500 crore for infrastructural development in Ayodhya including Rs. 150 crore for tourism development and Rs. 10 crore for the International Ramayana and Vedic Research Institute
PHOTO • Shweta Desai

عام سڑک ’رام پتھ‘ کو چوڑا کرنے کے لیے مسمار کر دیے گئے ڈھانچے۔ دائیں: پھر سے بنایا گیا ایودھیا ریلوے اسٹیشن۔ اس ہفتہ حکومت نے ایودھیا میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ۱۵۰۰ کروڑ روپے سے زیادہ مختص کیے ہیں۔ اس میں سیاحت کے فروغ کے لیے ۱۵۰ کروڑ روپے اور بین الاقوامی رامائن اور ویدک تحقیقی ادارہ کے مد میں ۱۰ کروڑ روپے شامل ہیں

قریشی کے بیٹے جمال کہتے ہیں، ’’گلی کے کونے پر رہنے والی مسلم فیملی ہماری رشتہ دار ہے۔ انہیں پہلے ہی معاوضہ مل چکا ہے۔ ان کے گھر کا کچھ حصہ ٹوٹ گیا ہے، کیوں کہ وہ مندر کی باڑ کو چھوتا ہے۔‘‘ جمال تقریباً ۲۰۰ کنبوں کا ذکر کرتے ہیں، جن میں ۵۰ مسلم خاندان ہیں، جو مندر کے ۷۰ ایکڑ کے احاطہ میں رہتے ہیں اور جو اب بے دخلی کے دہانے پر ہیں، کیوں کہ مندر ٹرسٹ (ایس آر جے ٹی کے ٹی) کا ارادہ ان جائیدادوں کو تحویل میں لینے کا ہے۔

وی ایچ پی لیڈر شرد شرما کے مطابق، ’’جو گھر مندر کے احاطہ میں تھے انہیں ٹرسٹ نے خرید لیا ہے اور لوگوں کو مناسب معاوضہ دیا گیا ہے۔ اس سے زیادہ تحویل کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘‘ حالانکہ، مقامی لوگ کہتے ہیں کہ ٹرسٹ مندر کے آس پاس کے رہائشی مکانوں اور فقیرے رام مندر اور بدر مسجد جیسے مذہبی مقامات سمیت زمینوں کو زبردستی تحویل میں لے رہی ہے۔

دریں اثنا، پہلے سے بے دخل یادو فیملی نے داخلی دروازہ پر بھگوان رام کی تصویر ٹانگ دی ہے۔ راجن کہتے ہیں، ’’اگر ہم پوسٹر نہیں دکھائیں گے، تو وہ ہمارے لیے یہاں رہنا مشکل کر دیں گے۔‘‘ اس ۲۱ سالہ پہلوان نے اپنا گھر چلانے کے لیے کشتی کی ٹریننگ درمیان میں ہی چھوڑ دی تھی، جنہیں گھر کھونے کے بعد پریشان کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے پاری کو بتایا، ’’ہر ہفتے سرکاری عہدیدار اور انجان لوگ یہاں آ کر ہمیں زمین خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہیں، جہاں ہم نے جھونپڑی بنائی ہے۔ یہ زمین ہماری ہے، مگر ہم یہاں کوئی تعمیر نہیں کر سکتے۔‘‘

*****

’’میرا گھر جل رہا تھا۔ اسے لوٹا جا رہا تھا۔ ہم [مشتعل بھیڑ] سے گھرے ہوئے تھے،‘‘ قریشی ۶ دسمبر، ۱۹۹۲ اور اس کے بعد کے واقعات کو یاد کرتے ہیں، جب ہندوؤں کے مجمع نے بابری مسجد کو منہدم کر دیا تھا اور ایودھیا میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

تیس سال بعد وہ اس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’’ایسے ماحول میں آس پاس کے لوگوں نے ہم کو چھپا لیا اور اس کے بعد باعزت ہم کو رکھا۔ یہ بات مرتے دم تک بھول نہیں پائیں گے دل سے۔‘‘

قریشی فیملی دوراہی کنواں کے ہندو اکثریتی علاقے میں رہائش پذیر مٹھی بھر مسلمانوں میں شامل ہے۔ اپنے گھر کے پیچھے آنگن میں لوہے کی اپنی چارپائی پر بیٹھے قریشی نے اس رپورٹر کو بتایا، ’’ہم نے کبھی جانے کے بارے میں نہیں سوچا۔ یہ میرا پشتینی گھر ہے۔ میں نہیں جانتا کہ ہمارے کتنے باپ دادے یہاں رہے۔ میں یہاں کے ہندوؤں کی طرح آبائی باشندہ ہوں۔‘‘ وہ ایک بڑے خاندان کے سربراہ ہیں جس میں ان کے دو بھائی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہی ان کے اپنے آٹھ بیٹے، ان کی بیویاں اور بچے شامل ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کے خاندان کے ۱۸ ارکان جو یہیں تھے، انہیں ان کے پڑوسیوں نے چھپا دیا تھا۔

گڑیا سینی کہتی ہیں، ’’وہ ہمارے خاندان کی طرح ہیں اور سکھ دکھ میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اگر ہندو ہو کر آپ مشکل کے وقت ہماری مدد نہیں کرتے، تو ایسے ہندو ہونے کا کیا فائدہ؟‘‘

قریشی اس میں اپنی بات جوڑتے ہیں: ’’یہ ایودھیا ہے، آپ یہاں نہ تو ہندو کو سمجھ سکتے ہیں، اور نہ مسلمان کو۔ آپ یہ نہیں جان سکتے کہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کتنی گہرائی سے گھلے ملے ہوئے ہیں۔‘‘

Left: 'They are like our family and have stood by us in happiness and sorrow,' says Gudiya Saini.
PHOTO • Shweta Desai
Right: Shabbir’s grandchildren with Saini’s child, Anmol. ' From our everyday living you cannot tell who belongs to which religion. We don’t discriminate between us,' says Shabbir
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: گڑیا سینی کہتی ہیں، ’وہ ہمارے خاندان کی طرح ہیں اور سکھ دکھ میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔‘ دائیں: شبیر کے پوتے پوتیاں، سینی فیملی کے بچے انمول کے ساتھ

Left: Shabbir Qureshi with sons Abdul Wahid and Jamal inside the family’s New Style Engineering Works welding shop. The family started with the work of making metal cots and has now progressed to erecting watch towers and metal barricades inside the Ram Janmabhoomi temple.
PHOTO • Shweta Desai
Right: Saini’s shop on the left, and on the extreme right is Qureshi shop
PHOTO • Shweta Desai

بائیں: شبیر قریشی اپنے بیٹے عبدالواحد اور جمال کے ساتھ، فیملی کی دکان نیو اسٹائل انجینئرنگ ورکس ویلڈنگ کے اندر موجود۔ فیملی نے لوہے کی چارپائی بنانے کے ساتھ کام شروع کیا تھا، اور اب یہاں تک ترقی کر چکے ہیں کہ رام جنم بھومی مندر کے اندر واچ ٹاور اور لوہے کے بیریکیڈ لگاتے ہیں۔ دائیں: بائیں طرف سینی کی دکان ہے، اور سب سے دائیں قریشی کی دکان ہے

اپنا گھر جل جانے کے بعد فیملی نے زمین کی ایک تنگ پٹّی پر پھر سے گھر کے کچھ حصے کھڑے کیے۔ خاندان کے ۶۰ افراد کی رہائش کے لیے کھلے آنگن کے ارد گرد تین الگ الگ ڈھانچے کھڑے ہیں۔

قریشی کے دوسرے بڑے بیٹے عبدالواحد (۴۵)، اور چوتھے جمال (۳۵) ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں اور انہوں نے نئے مندر کی تعمیر کو قریب سے دیکھا ہے۔ جمال کہتے ہیں، ’’ہم نے ۱۵ سال تک اندر کام کیا ہے۔ مندر کے احاطہ کے چاروں طرف ۱۳ واچ ٹاور اور ۲۳ بیریئر کھڑے کرنے سمیت کئی ویلڈنگ کے کام کیے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ وہ آر ایس ایس، وی ایچ پی اور سبھی ہندو مندروں میں کام کرتے ہیں، اور آر ایس ایس بلڈنگ کے اندر ایک واچ ٹاور بنا رہے ہیں۔ جمال کہتے ہیں، ’’یہی تو ایودھیا ہے! ہندو اور مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ پرامن طریقے سے رہتے ہیں اور کام کرتے ہیں۔‘‘

ان کی دکان نیو اسٹائل انجینئرنگ ان کے گھر کے سامنے والے حصہ سے چلتی ہے۔ یہ المیہ کہ دائیں بازو کی تنظیموں کے پیروکاروں نے ہی ان جیسے مسلمانوں کو نشانہ بنایا، یہ بات قریشی فیملی پوری طرح سے نہیں مانتی۔ جمال کے مطابق، ’’پریشانی تب شروع ہوتی ہے، جب باہری لوگ آتے ہیں اور تنازع کھڑا کرتے ہیں۔‘‘

یہ خاندان فرقہ وارانہ تناؤ کے خطرات کو جانتے ہیں، خاص کر اس انتخابی سال میں۔ قریشی مضبوطی سے کہتے ہیں، ’’ہم نے کئی بار ایسے خطرناک حالات دیکھے ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہ سیاسی فائدے کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ کھیل دہلی اور لکھنؤ میں کرسی کے لیے کھیلے جاتے ہیں۔ اس سے ہمارے رشتے نہیں بدل سکتے۔‘‘

سینی جانتے ہیں کہ مشتعل بھیڑ کے سامنے ان کی ہندو شناخت عارضی طور پر انہیں بچا سکتی ہے، جیسا دسمبر ۱۹۹۲ میں ہوا تھا، جب ان کا گھر چھوڑ کر صرف قریشی خاندان پر حملہ کیا گیا تھا۔ سینی کہتے ہیں، ’’اگر ان کے گھر میں آگ لگی ہے، تو آگ کے شعلے میرے گھر تک بھی آئیں گے۔‘‘ ان کے مطابق، ایسے کسی موقع پر ’’ہم چار بالٹی اضافی پانی ڈالیں گے اور آگ بجھا دیں گے۔‘‘ قریشی خاندان کے ساتھ اپنی وابستگی کے بارے میں وہ کہتے ہیں، ’’ہم جانتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کے سکھ دکھ میں ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

گڑیا اس میں اپنی بات جوڑتی ہیں، ’’ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت پیار اور محبت کے ساتھ رہتے ہیں۔‘‘

مترجم: محمد قمر تبریز

Shweta Desai

ಶ್ವೇತಾ ದೇಸಾಯಿ ಮುಂಬೈ ಮೂಲದ ಸ್ವತಂತ್ರ ಪತ್ರಕರ್ತರು ಮತ್ತು ಸಂಶೋಧಕರು.

Other stories by Shweta Desai
Editor : Priti David

ಪ್ರೀತಿ ಡೇವಿಡ್ ಅವರು ಪರಿಯ ಕಾರ್ಯನಿರ್ವಾಹಕ ಸಂಪಾದಕರು. ಪತ್ರಕರ್ತರು ಮತ್ತು ಶಿಕ್ಷಕರಾದ ಅವರು ಪರಿ ಎಜುಕೇಷನ್ ವಿಭಾಗದ ಮುಖ್ಯಸ್ಥರೂ ಹೌದು. ಅಲ್ಲದೆ ಅವರು ಗ್ರಾಮೀಣ ಸಮಸ್ಯೆಗಳನ್ನು ತರಗತಿ ಮತ್ತು ಪಠ್ಯಕ್ರಮದಲ್ಲಿ ಆಳವಡಿಸಲು ಶಾಲೆಗಳು ಮತ್ತು ಕಾಲೇಜುಗಳೊಂದಿಗೆ ಕೆಲಸ ಮಾಡುತ್ತಾರೆ ಮತ್ತು ನಮ್ಮ ಕಾಲದ ಸಮಸ್ಯೆಗಳನ್ನು ದಾಖಲಿಸುವ ಸಲುವಾಗಿ ಯುವಜನರೊಂದಿಗೆ ಕೆಲಸ ಮಾಡುತ್ತಾರೆ.

Other stories by Priti David
Translator : Qamar Siddique

ಕಮರ್ ಸಿದ್ದಿಕಿ ಅವರು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ಉರ್ದು ಅನುವಾದ ಸಂಪಾದಕರು. ಮತ್ತು ದೆಹಲಿ ಮೂಲದ ಪತ್ರಕರ್ತರು.

Other stories by Qamar Siddique