جموں و کشمیر کے اونچے پہاڑوں پر آپ کسی بکروال کو شاید ہی کبھی اکیلے دیکھ پائیں۔

یہ لوگ ہمالیہ کے اونچے پہاڑوں میں اپنے مویشیوں کے لیے گھاس کے میدان تلاش کرنے کی خاطر بڑے بڑے گروپوں میں چلتے ہیں۔ محمد لطیف بھی ہر سال ان اونچے چراگاہوں یا بہک کی طرف جاتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں، ’’تین یا چار بھائی اپنی پوری فیملی کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ ریوڑ کو سنبھالنا آسان ہوتا ہے کیوں کہ بھیڑ اور بکریاں اکٹھے چلتی ہیں۔‘‘ ان کا اشارہ تقریباً ۵۰۰۰ بھیڑ، بکریاں، گھوڑے، اور کچھ بکروال کتوں کے ایک ریوڑ کی طرف ہے، جو ہر سال ان کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔

بکروال اپنے سفر کی شروعات جموں کے میدانی علاقوں سے کرتے ہیں اور پیر پنجال اور ہمالیہ کے دوسرے پہاڑوں میں واقع چراگاہوں تک جاتے ہیں، اور اس طرح تقریباً ۳۰۰۰ میٹر کی اونچائی تک پہنچ جاتے ہیں۔ وہ گرمیوں کی شروعات ہونے سے تھوڑا پہلے یعنی مارچ کے آخر میں اونچائی کی طرف چلنا شروع کرتے ہیں، اور سردیوں کا موسم شروع ہونے سے پہلے یعنی ستمبر کے آس پاس وہاں سے واپس لوٹنے لگتے ہیں۔

اس دوران انہیں ایک طرف کا سفر طے کرنے میں تقریباً ۸-۶ ہفتوں کا وقت لگ جاتا ہے؛ سب سے آگے عورتیں، بچے، اور کچھ مرد چلتے ہیں۔ محمد لطیف بتاتے ہیں، ’’بڑے چراگاہوں کے پاس وہ ہم سے پہلے پہنچ جاتے ہیں اور ریوڑ کے پہنچنے تک ڈیرہ [کیمپ] تیار رکھتے ہیں۔‘‘ ان کا گروپ راجوری کے قریب ایک جگہ سے اونچائی کی طرف چلنا شروع کرتا ہے اور لداخ کے زوجیلا درّہ کے قریب واقع مینا مارگ تک کا سفر کرتا ہے۔

A flock of sheep grazing next to the Indus river. The Bakarwals move in large groups with their animals across the Himalayas in search of grazing grounds
PHOTO • Ritayan Mukherjee

دریائے سندھ کے بغل میں چرتا ہوا بھیڑوں کا ایک جھنڈ۔ ہمالیہ کے پہاڑوں پر گھاس کے میدانوں کی تلاش میں بکروال اپنی مویشیوں کے ساتھ بڑے بڑے گروپ میں چلتے ہیں

Mohammed Zabir on his way  back to Kathua near Jammu; his group is descending from the highland pastures in Kishtwar district of Kashmir
PHOTO • Ritayan Mukherjee

جموں کے قریب واقع کٹھوعہ کی طرف واپس لوٹتے ہوئے محمد جابر؛ ان کا یہ گروپ کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے اونچے چراگاہوں سے نیچے کی طرف لوٹ رہا ہے

شوکت علی کاندل، جن کی عمر ۳۰-۲۵ سال کی ہے، جموں کے کٹھوعہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ۲۰ بکروال خاندانوں کے ایک دوسرے گروپ کا حصہ ہیں۔ ستمبر ۲۰۲۲ کا مہینہ ہے، اور ان کا گروپ کشتواڑ ضلع – جہاں یہ لوگ کئی نسلوں سے اپنے گرمیوں کے دن گزارتے چلے آ رہے ہیں – کے دودھائی بہک (اونچے چراگاہ) سے لوٹ رہا ہے۔ بیچ میں انہوں نے برف سے بھری وروَن وادی پار کی ہے۔ شوکت کہتے ہیں، ’’ہم اگلے مہینے کٹھوعہ پہنچیں گے۔ راستے میں ہمیں چار یا پانچ جگہ اور رکنا ہے۔‘‘

بکروال سال بھر گھومتے رہتے ہیں کیوں کہ ان کی بھیڑوں کو ایک جگہ بند کرکے چارہ نہیں کھلایا جا سکتا؛ انہیں کھلے میں چرنے کی عادت ہوتی ہے۔ یہ لوگ اپنے ریوڑ کے آرام اور چارے کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں کیوں کہ مویشی ہی ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہیں – کشمیر کی تمام تقریبات میں بھیڑ بکریوں کے گوشت کی اونچی قیمت ملتی ہے۔ شوکت کے ایک بزرگ رشتہ دار کہتے ہیں، ’’بھیڑ اور بکریاں ہمارے لیے کافی اہمیت رکھتی ہیں۔ [مقامی] کشمیروں کے پاس اخروٹ اور سیب کے درخت ہیں [جن سے ان کی آمدنی ہوتی ہے]۔‘‘ ان کے اس سفر میں گھوڑے اور خچر بھی اہمیت رکھتے ہیں: جن کی ضرورت صرف سیاحوں کو ہی نہیں پڑتی، بلکہ یہ فیملی کے ممبران کو بھی بھیڑ بکریوں کے بچے، اون، پانی، اور روزمرہ کی ضروریات کے سامان ڈھونے میں مدد کرتے ہیں۔

دن کے شروع میں ہم لوگ شوکت کی بیوی، شمع بانو کے ساتھ پہاڑ کی تیز ڈھلان سے چلتے ہوئے ان کے کیمپ تک آئے۔ ان کے سر پر پانی کا ایک بڑا برتن رکھا ہوا تھا جسے انہوں نے ندی سے بھرا تھا۔ پانی لانے کا کام اکثر عورتیں ہی کرتی ہیں جنہیں یہ کام روزانہ کرنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ سفر کے دوران بھی وہ یہ کام کرتی ہیں۔

خانہ بدوش برادری، بکروال کو ریاست میں درج فہرست قبیلہ کا درجہ حاصل ہے۔ سال ۲۰۱۳ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ان کی آبادی ۱۱۳۱۹۸ ہے۔ پورے جموں و کشمیر کا سفر کرنے کے دوران یہ لوگ باغوں میں سیزن کے حساب سے مزدوری کا کام بھی کر لیتے ہیں۔ سالانہ ایک ہی علاقے کی طرف مہاجرت کرنے کی وجہ سے کشمیری باشندوں کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات قائم ہو چکے ہیں۔ لہٰذا، آس پاس کے گاؤوں کی جو عورتیں اکثر اپنے مویشیوں کو چرانے باہر نکلتی ہیں، وہ ان کے خیموں میں آرام سے بیٹھ کر ان کے ساتھ بات چیت کرتی ہیں۔

Shaukat Ali Kandal and Gulam Nabi Kandal with others in their group discussing the day's work
PHOTO • Ritayan Mukherjee

شوکت علی کاندل اور غلامی نبی کاندل اپنے گروپ کے دیگر لوگوں کے ساتھ دن کے کام کاج کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں

At Bakarwal camps, a sharing of tea, land and life: women from the nearby villages who come to graze their cattle also join in
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال کیمپ میں چائے کے ساتھ زمین اور زندگی کی باتیں: آس پاس کے گاؤوں کی جو عورتیں اپنے مویشیوں کو چرانے کے لیے باہر نکلتی ہیں وہ بھی ان کے ساتھ شامل ہو جاتی ہیں

زہرہ (جن کی عمر ۷۰ سے ۸۰ سال کے درمیان ہے) کہتی ہیں، ’’ہمارا ریوڑ چھوٹا ہے، پھر بھی ہم لوگ ہر سال مہاجرت کرتے ہیں کیوں کہ ہمارے آدمیوں کو [اس سفر کے دوران] کچھ اضافی کام مل جاتا ہے۔ نوجوان لوگ لکڑیاں کاٹنے چلے جاتے ہیں یا مقامی کشمیریوں کے لیے اخروٹ اور سیب اتارنے کا کام کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے سر پر ہاتھ کی روایتی کشیدہ کاری سے تیار کی گئی ٹوپی پہن رکھی ہے جسے یہاں کی کچھ بکروال عورتیں پہنتی ہیں۔ وہ جموں میں واقع اپنے گھر کی طرف لوٹتے ہوئے، پہاڑی گاندر بل ضلع کے کنگن گاؤں میں ایک نہر کے کنارے اپنی فیملی کے بقیہ لوگوں کے ساتھ ٹھہری ہوئی ہیں۔ وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں، ’’اگر یہاں کچھ بھی نہیں ہوگا تب بھی ہم لوگ مہاجرت کریں گے، پتہ ہے کیوں؟ گرمیوں میں میدانی علاقوں کی گرمی مجھ سے برداشت نہیں ہوتی!

*****

’’وہاں لگے باڑ کو دیکھئے۔‘‘

بکری کے دودھ سے بنی ملائی دار گلابی رنگ کی گرما گرم چائے کی چسکی لیتے ہوئے غلام نبی کاندل کہتے ہیں، ’’پرانے دن چلے گئے،‘‘ وہ بغیر باڑ والے علاقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں جس کے وہ عادی تھے۔ گھاس کے میدانوں اور عارضی کیمپ لگانے کی جگہوں کے بارے میں اب وہ بے چینی اور غیر یقینی کے شکار ہیں۔

اگلے پہاڑ پر لگائی گئی نئی باڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں، ’’ہم نے سنا ہے کہ اگلے سال آرمی اس علاقے کو اپنے قبضے میں لے لے گی۔‘‘ ہمارے ارد گرد بیٹھے ہوئے دوسرے بکروال اپنی برادری کے اس بزرگ کی باتیں سن رہے ہیں، ان کے چہروں پر بھی فکرمندی کے نشان ظاہر ہو رہے ہیں۔

Gulam Nabi Kandal is a respected member of the Bakarwal community. He says, 'We feel strangled because of government policies and politics. Outsiders won't understand our pain'
PHOTO • Ritayan Mukherjee

غلام نبی کاندل، بکروال کمیونٹی کے ایک محترم شخص ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ہم خود کو حکومت کی پالیسیوں اور سیاست میں پھنسا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ باہری لوگ ہمارے درد کو نہیں سمجھ پائیں گے‘

Fana Bibi is a member of Shaukat Ali Kandal's group of 20 Bakarwal families from Kathua district of Jammu
PHOTO • Ritayan Mukherjee

جموں کے کٹھوعہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ۲۰ خاندانوں کے شوکت علی کاندل کے گروپ کی ایک رکن، فنا بی بی

اتنا ہی نہیں۔ اب تو گھاس کے کئی میدانوں کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے؛ سون مرگ اور پہل گام جیسے مقبول سیاحتی مقامات اس سال سیاحوں سے بہت زیادہ بھرے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے مویشیوں کے لیے یہ مقامات گرمیوں میں چرنے کے لیے اہم جگہیں ہیں۔

برادری کے ایک بزرگ (جو اپنا نام نہیں بتانا چاہتے) نے ہم سے کہا، ’’یہ [ریاست] سرنگوں اور سڑکوں پر کتنا پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ اب ہر جگہ سڑکیں اچھی ہونے والی ہیں، جو کہ سیاحوں اور مسافروں کے لیے اچھی بات ہے لیکن ہمارے لیے نہیں۔‘‘

وہ اس حقیقت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ جن علاقوں میں گاڑی چلانے لائق سڑکیں نہیں ہیں، وہاں بکروال لوگ اپنے گھوڑے کرایے پر دے کر آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں، ’’سیاحتی سیزن میں ہماری آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ یہی ہوتا ہے۔‘‘ لیکن اس کے لیے، انہیں بچولیوں اور مقامی باشندوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، صرف گھوڑے کرایے پر دینے کے معاملے میں ہی نہیں، بلکہ ٹورسٹ یا ٹریکنگ گائیڈ کے طور پر کام تلاش کرتے وقت، اور مقامی ریستوراں میں بھی۔ سال ۲۰۱۳ کی اس رپورٹ کے مطابق، بکروالوں کی اوسط شرح خواندگی ۳۲ فیصد ہے، اس لیے دوسرے کام ان کی پہنچ سے کافی دور ہیں۔

بکروال لوگ اون بیچنے کا بھی کام کرتے ہیں، جس سے کشمیری شال اور قالین بنائے جاتے ہیں۔ وقت کے گزرنے کے ساتھ، وادی کشمیر اور گریزی جیسی دیسی بھیڑ کی نسلوں کی کراس بریڈنگ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میرینو جیسی نسل کے ساتھ کرائی جا رہی ہے، تاکہ کوالٹی کو بہتر کیا جا سکے۔ اس معاملے میں بھی، بکروالوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہمیں کئی لوگوں نے بتایا کہ ’’کچھ سال پہلے ایک کلو اون کی قیمت تقریباً ۱۰۰ روپے ہوا کرتی تھی۔ اب ہمیں ۳۰ روپے بھی نہیں ملتے ہیں۔‘‘

Young Rafiq belongs to a Bakarwal family and is taking his herd back to his tent
PHOTO • Ritayan Mukherjee

رفیق نام کے اس چھوٹے سے بچے کا تعلق بکروال فیملی سے ہے، جو اپنے ریوڑ کو ٹینٹ کی طرف واپس لے جا رہا ہے

Shoukat Ali Kandal and others in his camp, making a rope from Kagani goat's hair
PHOTO • Ritayan Mukherjee

کگنی بکری کے بالوں سے رسی بناتے ہوئے شوکت علی کاندل اور ان کے کیمپ کے دوسرے لوگ

ان کا کہنا ہے کہ بھیڑ بکریوں کے بال کترنے والی اکائیوں تک آسانی سے پہنچ نہ ہونے اور ریاست کی طرف سے کی جانے والی اندیکھی کی وجہ سے قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ آ رہی ہے۔ یہ لوگ جو قدرتی اون بیچا کرتے تھے، اسے ایکریلک اون جیسے سنتھیٹک متبادل سے خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ چونکہ کئی چراگاہوں تک تاجروں یا دکانوں کی رسائی نہیں ہے، اس لیے بکروالوں کو اپنے اون گھوڑے یا خچروں پر لاد کر چلنا پڑتا ہے اور پھر بازار تک پہنچانے کے لیے انہیں کوئی گاڑی کرایے پر لینی پڑتی ہے۔ اس سال، کئی بکروالوں نے اپنی بھیڑوں کے بال کترنے کے بعد اون کو گھاس کے میدانوں میں ہی چھوڑ دیا کیوں کہ اسے ڈھونے کی قیمت اس سے کہیں زیادہ تھی جو بازار میں اسے بیچ کر وہ حاصل کر پاتے۔

وہیں، بکریوں کے بال کا استعمال وہ ٹینٹ یا رسیاں بنانے میں کرتے ہیں۔ اپنے اور اپنے بھائی کے درمیان تنی ہوئی ایک رسی کو کھینچتے ہوئے شوکت ہمیں بتاتے ہیں، ’’کگنی بکریاں اس کے لیے اچھی ہوتی ہیں، ان کے بال لمبے ہوتے یں۔‘‘ کگنی، بکریوں کی وہ نسل ہے جس سے انہیں مہنگے کشمیری اون حاصل ہوتے ہیں۔

اپنی منزل تک تیزی سے پہنچنے میں بکروالوں کی مدد کرنے کے لیے، سال ۲۰۲۲ میں حکومت نے انہیں اور ان کے مویشیوں کو گرمیوں کے چراگاہوں تک ٹرک سے پہنچانے کی پیشکش کی تھی۔ یہ لوگ جو سفر ہفتوں میں طے کرتے تھے، وہ ایک دن میں ہی پورا ہو گیا تھا۔ لیکن جن لوگوں نے ٹرکوں سے جانے کے لیے حامی بھری تھی ان میں سے کئی لوگ یہ سہولت حاصل نہیں کر پائے کیوں کہ ٹرکوں کی تعداد بہت کم تھی۔ دوسروں کے لیے، یہ پیشکش اس وقت آئی جب وہ پہلے ہی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو چکے تھے۔ بھیڑ پروری کے ایک افسر نے تسلیم کیا کہ، ’’بکروال خاندانوں کی تعداد ہزاروں میں ہے اور ٹرک بہت کم تھے۔ زیادہ تر لوگ یہ خدمات حاصل نہیں کر پائے ہیں۔‘‘

*****

’’میرا یہ بچہ ۲۰ دن پہلے ہی پیدا ہوا تھا۔‘‘

مینا اختر ٹینٹ کے کونے میں پڑے کپڑوں کے ایک چھوٹے سے بنڈل کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ نوزائیدہ بچے کو بنڈل میں مشکل میں تب تک ہی رکھا جا سکتا ہے جب تک کہ وہ رونا نہ شروع کر دے۔ مینا نے اس بچے کو پہاڑوں کے دامن میں بنے ایک اسپتال میں جنم دیا تھا۔ انہیں وہاں اس لیے لے جانا پڑا کیوں کہ بچے کی پیدائش کی متوقع تاریخ پار کر چکی تھی اور انہیں درد زہ نہیں ہو رہا تھا۔

Meena Akhtar recently gave birth. Her newborn stays in this tent made of patched-up tarpaulin and in need of repair
PHOTO • Ritayan Mukherjee

مینا اختر نے حال ہی میں ایک بچے کو جنم دیا ہے۔ ان کا نوزائیدہ بچہ اس بوسیدہ ترپال میں رہ رہا ہے جسے مرمت کی ضرورت ہے

Abu is the youngest grandchild of Mohammad Yunus. Children of Bakarwal families miss out on a education for several months in the year
PHOTO • Ritayan Mukherjee

ابو، محمد یونس کا سب سے چھوٹا پوتا ہے۔ بکروال خاندانوں کے بچے سال کے کئی مہینے تعلیم سے دور رہتے ہیں

وہ کہتی ہیں، ’’مجھے کمزوری محسوس ہونے لگی تھی۔ دوبارہ طاقت حاصل کرنے کے لیے میں نے حلوہ کھانا شروع کر دیا تھا، اب پچھلے دو دنوں سے روٹی کھا رہی ہوں۔‘‘ مینا کے شوہر آس پاس کے گاؤوں میں لکڑی کاٹنے کا کام کرتے ہیں اور انہیں اس کام سے جو پیسہ ملتا ہے، اسی سے ان کا گھر چل رہا ہے۔

چائے بنانے کے لیے پلاسٹک کے ایک پیکٹ سے برتن میں دودھ ڈالتے ہوئے وہ کہتی ہیں، ’’ابھی ہمیں دودھ نہیں مل پا رہا ہے۔ بکریاں بچے دینے والی ہیں۔ بچے جب پیدا ہو جائیں گے، تو ہمیں پھر سے دودھ ملنے لگے گا۔‘‘ بکروال، خاص کر ان کی عورتوں اور بچوں کے لیے گھی، دودھ، اور پنیر غذائیت کے ضروری وسائل کے طور پر کام آتے ہیں۔

اونچے پہاڑوں میں قیام کے دوران جب یہ لوگ ٹینٹ سے خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تب انتہائی چھوٹے بچوں کو ٹینٹ کے اندر کھانا پکانے والی آگ اور کمبل سے گرم رکھا جاتا ہے۔ چلنے پھرنے لائق بچے کیمپ کے چاروں طرف آزادی سے گھومتے اور ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتے رہتے ہیں۔ انہیں کتوں کی رکھوالی کرنے یا جلانے کی لکڑیاں اور پانی لانے جیسا چھوٹا موٹا کام سونپ دیا جاتا ہے۔ مینا کہتی ہیں، ’’بچے پہاڑ سے نکلنے والے پانی کے چشمے میں دن بھر کھیلتے ہیں۔‘‘ وہ کہتی ہیں کہ لداخ کی سرحد کے قریب واقع مینا مارگ کے سردیوں کے بہک کو چھوڑنے پر انہیں دکھ ہوگا: ’’وہاں پر زندگی اچھی ہے۔‘‘

شوکت کے ڈیرہ سے تعلق رکھنے والی خالدہ بیگم بھی اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ چل رہی ہیں، لیکن ان کی نوجوان بیٹی جموں میں ہی ایک رشتہ دار کے پاس ٹھہری ہوئی ہے تاکہ اسکول جا سکے۔ وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں، ’’میری بیٹی وہاں پر اچھی طرح پڑھائی کر سکتی ہے۔‘‘ کئی بچوں کو پڑھنے کا موقع نہیں مل پاتا ہے اور انہیں اپنے کنبوں کے ساتھ ہی مہاجرت کرنی پڑتی ہے۔ ریاست کے ذریعے موبائل اسکول چلانے کی کوششیں بارآور نہیں ہو پائی ہیں کیوں کہ ان اسکولوں تک کچھ ہی بکروالوں کی رسائی ہے۔

In her makeshift camp, Khalda Begum serving tea made with goat milk
PHOTO • Ritayan Mukherjee

خالدہ بیگم اپنے عارضی کیمپ میں بکریوں کے دودھ سے بنی چائے پیش کر رہی ہیں

حکومت نے موبائل اسکول میں جن ٹیچروں کی تقرری کی تھی، وہ ہمیشہ نظر نہیں آتے۔ پریشان نظر آ رہے ۳۰-۲۰ سال کی عمر کے خادم حسین کہتے ہیں، ’’وہ یہاں نہیں آتے ہیں، لیکن انہیں تنخواہ ملتی ہے۔‘‘ خادم کا تعلق بکروالوں کے اس گروپ سے ہے جو کشمیر کو لداخ سے جوڑنے والے زوجیلا درّہ کے بالکل قریب اپنا کیمپ لگاتا ہے۔

فیصل رضا بوکڑا کہتے ہیں، ’’نوجوان نسل زیادہ تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ وہ خانہ بدوش زندگی کی بجائے دیگر متبادل اپنا رہے ہیں۔ ان کے لیے یہ [خانہ بدوش] زندگی گزارنا مشکل ہے۔‘‘ فیصل رضا، جموں میں گوجر بکروال یوتھ ویلفیئر کانفرنس کے صوبائی صدر ہیں اور لوگوں کو بے گھر کیے جانے اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے پیر پنجال کے علاقوں میں پیدل مارچ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ وہ مزید کہتے ہیں، ’’ہمارے نوجوانوں کے لیے یہ آسان نہیں ہے۔ ہم جب لوگوں سے بات کرتے ہیں، تو ہمیں ابھی بھی کافی بدنامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسا زیادہ تر شہروں میں ہوتا ہے۔ [جانبداری] ہمیں بری طرح متاثر کرتی ہے۔‘‘ فیصل رضا گوجر اور بکروالوں کو بطور درج فہرست قبائل اپنے حقوق کے تئیں بیدار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

سرینگر شہر کے باہری علاقے میں واقع زکورہ میں ۱۲ بکروال خاندان رہتے ہیں – ایک ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم پروجیکٹ کی وجہ سے سردیوں کے ان کے بہک کو اجاڑ دیا گیا تھا، اس لیے وہ یہاں آکر آباد ہو گئے ہیں۔ الطاف (بدلا ہوا نام) یہیں پیدا ہوئے تھے اور اب سرینگر میں ایک اسکول کی بس چلاتے ہیں۔ اپنی برادری کے دیگر لوگوں کی طرح مہاجرت نہ کرنے کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے وہ بتاتے ہیں، ’’میں نے اپنے بزرگوں، بیمار والدین اور بچوں کے لیے یہیں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘‘

غلام نبی، جنہوں نے اپنی پوری زندگی پہاڑوں میں آزادی سے گھومتے ہوئے گزاری ہے، اپنی کمیونٹی کے غیر یقینی مستقبل اور باڑ، سیاحت اور بدلتی ہوئی زندگی سے درپیش متعدد خطرات کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’’آپ میرا درد کیسے جان پائیں گے؟‘‘

Bakarwal sheep cannot be stall-fed; they must graze in the open
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال بھیڑ کو ایک جگہ پر بند رکھ کر چارہ نہیں کھلایا جا سکتا؛ انہیں کھلے میں چرنے کی عادت ہوتی ہے

Arshad Ali Kandal is a member Shoukat Ali Kandal's camp
PHOTO • Ritayan Mukherjee

ارشد علی کاندل، شوکت علی کاندل کے کیمپ کے ایک رکن ہیں

Bakarwals often try and camp near a water source. Mohammad Yusuf Kandal eating lunch near the Indus river
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال اکثر بہتے ہوئے پانی کے قریب اپنا کیمپ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ دریائے سندھ کے کنارے دوپہر کا کھانا کھاتے ہوئے محمد یوسف کاندل

Fetching water for drinking and cooking falls on the Bakarwal women. They must make several trips a day up steep climbs
PHOTO • Ritayan Mukherjee

پینے اور کھانا پکانے کے لیے پانی لانے کی ذمہ داری بکروال عورتیں سنبھالتی ہیں۔ اس کام کے لیے انہیں اونچائی کی طرف دن میں کئی بار چکر لگانے پڑتے ہیں

Zohra Bibi is wearing a traditional handmade embroidered cap. She says, 'We migrate every year as our men get some extra work'
PHOTO • Ritayan Mukherjee

زہرہ بی بی ہاتھ کی روایتی کشیدہ کاری سے تیار کی گئی ٹوپی پہنے ہوئی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’ہم ہر سال مہاجرت کرتے ہیں کیوں کہ اس دوران ہمارے آدمیوں کو کچھ اضافی کام مل جاتا ہے‘

A mat hand-embroidered by Bakarwal women
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال عورتوں کے ذریعے ہاتھ کی کشیدہ کاری سے تیار کی گئی ایک دری

'We barely have access to veterinary doctors during migration. When an animal gets injured, we use our traditional remedies to fix it,' says Mohammed Zabir, seen here with his wife, Fana Bibi.
PHOTO • Ritayan Mukherjee

یہاں اپنی بیوی، فنا بی بی کے ساتھ نظر آ رہے محمد جابر کہتے ہیں، ’مہاجرت کے دوران مویشیوں کے ڈاکٹر تک ہماری رسائی مشکل سے ہو پاتی ہے۔ جب کوئی جانور زخمی ہوتا ہے، تو ہم اپنے روایتی علاج کے ذریعے اسے ٹھیک کرتے ہیں‘

Rakima Bano is a Sarpanch in a village near Rajouri. A Bakarwal, she migrates with her family during the season
PHOTO • Ritayan Mukherjee

رقیمہ بانو، راجوری کے قریب ایک گاؤں کی سرپنچ ہیں۔ بکروال ہونے کی وجہ سے وہ بھی ہر سیزن میں اپنی فیملی کے ساتھ مہاجرت کرتی ہیں

Mohammad Yunus relaxing in his tent with a hookah
PHOTO • Ritayan Mukherjee

اپنے ٹینٹ میں حقہ پیتے ہوئے محمد یونس

Hussain's group camps near the Zoji La Pass, near Ladakh. He says that teachers appointed by the government at mobile schools don’t always show up
PHOTO • Ritayan Mukherjee

لداخ کے قریب زوجیلا درّہ کے پاس حسین کے گروپ کا کیمپ۔ وہ بتاتے ہیں کہ حکومت نے موبائل اسکول کے لیے جن ٹیچروں کی تقرری کی تھی وہ ہمیشہ نظر نہیں آتے

Faisal Raza Bokda is a youth leader from the Bakarwal community
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال کمیونٹی کے نوجوان لیڈر، فیصل رضا بوکڑا

A Bakarwal family preparing dinner in their tent
PHOTO • Ritayan Mukherjee

اپنے ٹینٹ میں رات کا کھانا تیار کرتی ہوئی ایک بکروال فیملی

Bakarwal couple Altam Alfam Begum and Mohammad Ismail have been married for more than 37 years
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بکروال میاں بیوی التم الفم بیگم اور محمد اسماعیل، جن کی شادی ۳۷ سال پہلے ہوئی تھی

رپورٹرز اپنی مدد اور مہمان نوازی کے لیے فیصل بوکڑا، شوکت کاندل، اور اشفاق کاندل کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

رتائن مکھرجی، سینٹر فار پیسٹورلزم کی طرف سے ملنے والے ایک آزادانہ سفری گرانٹ کے ذریعے گلہ بان اور خانہ بدوش برادریوں کے بارے میں رپورٹنگ کرتے ہیں۔ سینٹر نے اس رپورتاژ کے مواد پر اپنے کسی ادارتی کنٹرول کا اظہار نہیں کیا ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Ritayan Mukherjee

ರಿತಯನ್ ಮುಖರ್ಜಿಯವರು ಕಲ್ಕತ್ತದ ಛಾಯಾಚಿತ್ರಗ್ರಾಹಕರಾಗಿದ್ದು, 2016 ರಲ್ಲಿ ‘ಪರಿ’ಯ ಫೆಲೋ ಆಗಿದ್ದವರು. ಟಿಬೆಟಿಯನ್ ಪ್ರಸ್ಥಭೂಮಿಯ ಗ್ರಾಮೀಣ ಅಲೆಮಾರಿಗಳ ಸಮುದಾಯದವನ್ನು ದಾಖಲಿಸುವ ದೀರ್ಘಕಾಲೀನ ಯೋಜನೆಯಲ್ಲಿ ಇವರು ಕೆಲಸವನ್ನು ನಿರ್ವಹಿಸುತ್ತಿದ್ದಾರೆ.

Other stories by Ritayan Mukherjee
Ovee Thorat

ಓವೀ ಥೋರಟ್ ಪಶುಪಾಲನೆ ಮತ್ತು ರಾಜಕೀಯ ಪರಿಸರ ವಿಜ್ಞಾನದಲ್ಲಿ ಆಸಕ್ತಿ ಹೊಂದಿರುವ ಸ್ವತಂತ್ರ ಸಂಶೋಧಕರು.

Other stories by Ovee Thorat
Editor : Priti David

ಪ್ರೀತಿ ಡೇವಿಡ್ ಅವರು ಪರಿಯ ಕಾರ್ಯನಿರ್ವಾಹಕ ಸಂಪಾದಕರು. ಪತ್ರಕರ್ತರು ಮತ್ತು ಶಿಕ್ಷಕರಾದ ಅವರು ಪರಿ ಎಜುಕೇಷನ್ ವಿಭಾಗದ ಮುಖ್ಯಸ್ಥರೂ ಹೌದು. ಅಲ್ಲದೆ ಅವರು ಗ್ರಾಮೀಣ ಸಮಸ್ಯೆಗಳನ್ನು ತರಗತಿ ಮತ್ತು ಪಠ್ಯಕ್ರಮದಲ್ಲಿ ಆಳವಡಿಸಲು ಶಾಲೆಗಳು ಮತ್ತು ಕಾಲೇಜುಗಳೊಂದಿಗೆ ಕೆಲಸ ಮಾಡುತ್ತಾರೆ ಮತ್ತು ನಮ್ಮ ಕಾಲದ ಸಮಸ್ಯೆಗಳನ್ನು ದಾಖಲಿಸುವ ಸಲುವಾಗಿ ಯುವಜನರೊಂದಿಗೆ ಕೆಲಸ ಮಾಡುತ್ತಾರೆ.

Other stories by Priti David
Photo Editor : Binaifer Bharucha

ಬಿನೈಫರ್ ಭರುಚಾ ಮುಂಬೈ ಮೂಲದ ಸ್ವತಂತ್ರ ಛಾಯಾಗ್ರಾಹಕರು ಮತ್ತು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ಫೋಟೋ ಎಡಿಟರ್.

Other stories by Binaifer Bharucha
Translator : Qamar Siddique

ಕಮರ್ ಸಿದ್ದಿಕಿ ಅವರು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ಉರ್ದು ಅನುವಾದ ಸಂಪಾದಕರು. ಮತ್ತು ದೆಹಲಿ ಮೂಲದ ಪತ್ರಕರ್ತರು.

Other stories by Qamar Siddique