’’موبائل، ٹی وی، ویڈیو گیم آ گئے ہیں اور کٹھ پتلی کا شو اور قصہ گوئی کی تاریخی روایت ختم ہوتی جا رہی ہے۔‘‘ پورن بھاٹ راجستھان کے سیکر ضلع کے دانتا رام گڑھ کے کٹھ پتلی فنکار ہیں۔ پورن (۳۰) اس وقت کو یاد کرتے ہیں، جب وہ اپنی کٹھ پتلیاں بناتے اور بچوں کی پارٹیوں، شادی کے پروگراموں اور سرکاری تقریبات میں ناٹک دکھاتے تھے۔

وہ کہتے ہیں، ’’آج لوگ الگ الگ سرگرمیاں چاہتے ہیں۔ پہلے عورتیں ڈھول پر گاتی تھیں، اب لوگ ہارمونیم پر فلمی گانے چاہتے ہیں۔ اگر ہمیں تحفظ ملے گا، تو ہم اپنے آباء و اجداد کے سکھائے ہنر کو آگے بڑھا پائیں گے۔‘‘

بھاٹ اس سال اگست (۲۰۲۳) میں جے پور کے تین دہائی پرانے کثیر فنون کے مرکز ’جواہر کلا کیندر‘ میں موجود تھے۔ پورے راجستھان سے لوک فنکاروں (فوک آرٹسٹ) کے کئی گروپ ریاست کے ذریعہ منعقدہ اس پروگرام میں آئے تھے، جہاں فنون اور معاش کو بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے فنکاروں کے لیے حکومت نے نئی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

’مکھیہ منتری لوک کلا کار پروتساہن یوجنا‘ کے نام والی اس اسکیم میں ہر لوک فنکار خاندان کو ان کی رہائش گاہ پر ۵۰۰ روپے یومیہ کے حساب سے ۱۰۰ دن کے سالانہ کام کی گارنٹی دی جاتی ہے۔ قومی دیہی روزگار گارنٹی قانون ۲۰۰۵ دیہی خاندانوں کے لیے ۱۰۰ دنوں کے روزگار کو یقینی بنا کر یہ پہلے ہی طے کر چکا ہے۔

مرکزی حکومت کی ’وشو کرما یوجنا‘ کا اعلان ستمبر ۲۰۲۳ میں کاریگروں اور دستکاروں کے لیے کیا گیا تھا، مگر ’کلا کار یوجنا‘ کال بیلیا، تیرہ تالی، بہو روپیا اور دوسری کئی پرفارم کرنے والی برادریوں کے لیے پہلی اسکیم ہے۔ کارکنوں کی مانیں، تو راجستھان میں تقریباً ۲-۱ لاکھ لوک فنکار ہیں اور کبھی کسی نے ان کی پوری گنتی نہیں کرائی ہے۔ یہ اسکیم کام کے عوض ادائیگی کی بنیاد پر رکھے گئے غیر مستقل ورکرز (ٹرانسپورٹ اور ڈیلیوری) اور خوانچہ فروشوں کو بھی سماجی تحفظ کے دائرے میں لاتی ہے۔

Artist Lakshmi Sapera at a gathering of performing folk artists in Jaipur.
PHOTO • Shalini Singh
A family from the Kamad community performing the Terah Tali folk dance. Artists, Pooja Kamad (left) and her mother are from Padarla village in Pali district of Jodhpur, Rajasthan
PHOTO • Shalini Singh

بائیں: جے پور میں فن کا مظاہرہ کر رہے لوک فنکاروں کی ایک محفل میں فنکار لکشمی سپیرا۔ دائیں: کامڈ برادری کا ایک خاندان تیرہ تالی لوک رقص پیش کر رہا ہے۔ فنکار پوجا کامڈ (بائیں) اور ان کی ماں راجستھان میں جودھپور کے پالی ضلع کے پدرلا گاؤں سے ہیں

Puppeteers from the Bhaat community in Danta Ramgarh, Sikar district of Rajasthan performing in Jaipur in August 2023.
PHOTO • Shalini Singh
A group of performing musicians: masak (bagpipe), sarangi (bow string), chimta (percussion) and dafli (bass hand drum)
PHOTO • Shalini Singh

بائیں: راجستھان کے سیکر ضلع کے دانتا رام گڑھ میں بھاٹ برادری کے کٹھ پتلی فنکار اگست ۲۰۲۳ میں جے پور میں فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔ دائیں: موسیقاروں کا ایک گروپ: مسک، سارنگی، چمٹا اور ڈفلی کے ساتھ

لکشمی سپیرا کہتی ہیں، ’’ہم شادیوں کے سیزن میں صرف کچھ مہینے ہی کام کرتے ہیں، باقی سال ہم گھر پر ہی بیٹھے رہتے ہیں۔ اس [اسکیم] میں ہمیں باقاعدگی کے ساتھ کمائی کی امید ہے۔‘‘ جے پور کے پاس مہلان گاؤں کی یہ ۲۸ سالہ کال بیلیا فنکار پر امید ہیں۔ وہ مزید کہتی ہیں، ’’جب تک میرے بچے نہیں چاہیں گے، میں انہیں پشتینی آرٹ میں شامل نہیں کروں گی۔ بہتر ہے کہ وہ پڑھیں اور نوکری کریں۔‘‘

جواہر کلا کیندر کی ڈائریکٹر جنرل گایتری اے راٹھوڑ کہتی ہیں، ’’ریاست کے زندہ آرٹس اور کرافٹس‘ – یہ لوک فنکار خاص طور پر ۲۰۲۱ [وبائی مرض] میں کافی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ انہیں مدد چاہیے تھی، ورنہ وہ اپنا فن چھوڑ دیتے اور نریگا مزدور بن کر رہ جاتے۔‘‘ کووڈ۔۱۹ کے دوران تمام پرفارمنس راتوں رات بند ہو گئی تھی، جس سے فنکار باہری مدد کے بھروسے رہ گئے تھے۔

پوجا کامڈ کہتی ہیں، ’’وبائی مرض میں ہماری کمائی کم ہو گئی۔ اس کلا کار کارڈ کے بعد اب شاید کچھ بہتر ہوگا۔‘‘ کامڈ (۲۶) جودھپور کے پالی ضلع کے پدرلا گاؤں کی تیرہ تالی فنکار ہیں۔

مکیش گوسوامی کہتے ہیں، ’’مانگنیار [مغربی راجستھان میں موسیقاروں کی پرانی برادری] جیسے فوک میوزک میں صرف ایک فیصد فنکار ہی بیرون ملک جا کر فنی مظاہرہ اور کمائی کر پاتے ہیں۔ باقی ۹۹ فیصد کو کچھ نہیں ملتا۔‘‘ کال بیلیا (خانہ بدوش برادری جنہیں پہلے سپیروں اور رقص کرنے والوں کے طور پر جانا جاتا تھا) میں سے کچھ منتخب ۵۰ لوگوں کو کام ملتا ہے، جب کہ باقی کو نہیں ملتا۔

’وبائی مرض میں ہماری کمائی ختم ہو گئی۔ اس کلا کار کارڈ کے ساتھ لگتا ہے کہ کچھ بہتر ہوگا،‘ پوجا کامڈ کہتی ہیں، جو پالی ضلع کے پدرلا گاؤں کی تیرہ تالی فنکار ہیں

ویڈیو دیکھیں: راجستھان کے لوک فنکار ایک ساتھ

گوسوامی ’مزدور کسان شکتی سنگٹھن‘ (ایم کے ایس ایس) کے ایک کارکن ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں، ’’لوک فنکاروں کو کبھی سال بھر روزگار نہیں ملا…جو معاش اور عزت و احترام کے لیے ضروری ہے۔‘‘ ایم کے ایس ایس ایک عوامی تنظیم ہے، جو ۱۹۹۰ سے مرکزی راجستھان میں مزدوروں اور کسانوں کو با اختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

حاشیہ پر رہنے والے فنکاروں کو حکومت سے سماجی تحفظ، بنیادی ذریعہ معاش ملنا چاہیے، تاکہ انہیں دوسرے شہروں میں نقل مکانی نہ کرنی پڑے۔ گوسوامی کہتے ہیں، ’’مزدوری بھی آرٹ ہے۔‘‘

نئی اسکیم کے تحت انہیں ایک آئی ڈی (شناختی کارڈ) ملتا ہے، جو ان کی پہچان فنکار کے طور پر بتاتا ہے۔ وہ سرکاری پروگراموں میں فن کی پیشکش کرنے کے اہل ہیں اور مقامی سرپنچ کی طرف سے تفصیلات کی تصدیق کر دیے جانے کے بعد کمائی گئی رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کر دی جاتی ہے۔

اکرم خان بہو روپی کے اپنے روایتی پرفارمنگ آرٹ کے بارے میں کہتے ہیں، ’’ہم بہو روپی شکل بدلتے ہیں۔‘‘ اس میں کردار کئی مذہبی اور اساطیری رول نبھاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس فن کی شروعات راجستھان میں ہوئی اور پھر نیپال اور بنگلہ دیش تک گئی۔ وہ کہتے ہیں، ’’تاریخی طور پر ہمارے سرپرست ہمیں الگ الگ جانوروں کی شکل [تفریح کے لیے] بنانے کے لیے کہتے تھے اور اس کے عوض ہمیں کھانا، زمین دیتے تھے، ہماری دیکھ بھال کرتے تھے۔‘‘

اکرم خان کا اندازہ ہے کہ آج اس فن میں ان کے جیسے صرف ۱۰ ہزار فنکار ہی بچے ہیں، جن میں ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے لوگ حصہ لیتے ہیں۔

Left: The Khan brothers, Akram (left), Feroze (right) and Salim (middle) are Bahurupi artists from Bandikui in Dausa district of Rajasthan.
PHOTO • Shalini Singh
Right: Bahurupi artists enact multiple religious and mythological roles, and in this art form both Hindu and Muslim communities participate
PHOTO • Shalini Singh

بائیں: خان برادران – اکرم (زرد چہرہ)، فیروز (نیلے جیکٹ میں) اور سلیم، راجستھان کے دوسہ ضلع کے باندیکُئی علاقہ کے بہو روپی فنکار ہیں۔ دائیں: بہو روپی فنکار کئی مذہبی اور اساطیری کردار نبھاتے ہیں، اور اس فن میں ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے لوگ شامل ہوتے ہیں

Left: Members of the Bhopas community playing Ravanhatta (stringed instrument) at the folk artists' mela
PHOTO • Shalini Singh
Right: Langa artists playing the surinda (string instrument) and the been . Less than five artists left in Rajasthan who can play the surinda
PHOTO • Shalini Singh

بائیں: بھوپا برادری کے ارکان لوک فنکاروں کے میلہ میں راون ہتھا (تار سے بجنے والا ساز) بجا رہے ہیں۔ دائیں: لنگا فنکار سرندا (تار سے بجنے والا ساز) اور بین بجا رہے ہیں۔ راجستھان میں سرندا بجانے والے پانچ سے بھی کم فنکار بچے ہیں

ایم کے ایس ایس کارکن شویتا راؤ کہتی ہیں، ’’اسے [اسکیم کو] ایک قانون بنایا جانا چاہیے، تاکہ حکومت بدلنے پر بھی کام کی گارنٹی بنی رہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ فی خاندان ۱۰۰ دن کے کام کی گارنٹی کی جگہ فی فنکار ۱۰۰ دن کی گارنٹی ہونی چاہیے۔ ’’ابھی جس فنکار کو اس کی ضرورت ہے، جو دور دراز کے گاؤں میں ججمانی [سرپرستی] نظام کے تحت کہیں فن کا مظاہرہ کر رہا ہے، اسے اس سے جوڑ کر فائدہ پہنچانا چاہیے۔‘‘

مئی اور اگست ۲۰۲۳ کے درمیان تقریباً ۱۳ ہزار سے ۱۴ ہزار فنکاروں نے اس نئی اسکیم کے لیے درخواست جمع کی۔ اگست تک ۳۰۰۰ کو منظوری مل پائی اور تہوار کے بعد درخواست جمع کرنے والوں کی تعداد ۲۰ ہزار سے ۲۵ ہزار تک ہو گئی۔

ہر فنکار خاندان کو ان کا ساز (آلہ موسیقی) خریدنے کے لیے یک مشت ۵۰۰۰ روپے بھی دیے جا رہے ہیں۔ راٹھوڑ کہتی ہیں، ’’ہمیں اس پروگراموں کا ایک کیلنڈر بنانا ہوگا، کیوں کہ فنکاروں کے اپنے ضلعوں میں آرٹ اور کلچر کی موجودگی نہیں ہے، اور وہ اپنے فن کی شکلوں اور مقامی زبان کا استعمال کر کے سرکاری پیغامات لوگوں تک پہنچا سکیں گے۔‘‘

فوک آرٹ کی پیشکش کے لیے ایک ادارہ کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے، جہاں سینئر فنکار برادری کے اندر اور باہر اپنے علم دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں۔ اس سے فنکاروں کے کام کو بچانے اور مجموعہ تیار کرنے میں مدد ملے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے گا کہ ان کا علم کھو نہ جائے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Shalini Singh

शालिनी सिंह, काउंटरमीडिया ट्रस्ट की एक संस्थापक ट्रस्टी हैं, जो पारी को संचालन करती है. वह दिल्ली में रहने वाली पत्रकार हैं और पर्यावरण, जेंडर और संस्कृति से जुड़े मुद्दों पर लिखती हैं. उन्हें हार्वर्ड विश्वविद्यालय की ओर से पत्रकारिता के लिए साल 2017-2018 की नीमन फ़ेलोशिप भी मिल चुकी है.

की अन्य स्टोरी शालिनी सिंह
Video Editor : Urja

ऊर्जा, पीपल्स आर्काइव ऑफ़ रूरल इंडिया में 'सीनियर असिस्टेंट एडिटर - वीडियो' के तौर पर काम करती हैं. डाक्यूमेंट्री फ़िल्ममेकर के रूप में वह शिल्पकलाओं, आजीविका और पर्यावरण से जुड़े मसलों पर काम करने में दिलचस्पी रखती हैं. वह पारी की सोशल मीडिया टीम के साथ भी काम करती हैं.

की अन्य स्टोरी Urja
Editor : PARI Desk

पारी डेस्क हमारे संपादकीय कामकाज की धुरी है. यह टीम देश भर में सक्रिय पत्रकारों, शोधकर्ताओं, फ़ोटोग्राफ़रों, फ़िल्म निर्माताओं और अनुवादकों के साथ काम करती है. पारी पर प्रकाशित किए जाने वाले लेख, वीडियो, ऑडियो और शोध रपटों के उत्पादन और प्रकाशन का काम पारी डेस्क ही संभालता है.

की अन्य स्टोरी PARI Desk
Translator : Qamar Siddique

क़मर सिद्दीक़ी, पीपुल्स आर्काइव ऑफ़ रुरल इंडिया के ट्रांसलेशन्स एडिटर, उर्दू, हैं। वह दिल्ली स्थित एक पत्रकार हैं।

की अन्य स्टोरी Qamar Siddique