۱۰ ستمبر کو بستر کے ضلع ہیڈکوارٹر جگدل پور سے چند سو کسان، جن میں زیادہ تر گونڈ برادری کے آدیواسی تھے، پیدل اور ٹریکٹر کے ذریعے ۲۸۰ کلومیٹر دور چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور کی جانب بڑھنے لگے۔ جب وہ کوڈے بود گاؤں کے پاس سڑک کنارے آرام کر رہے تھے، تو میری ان سے ملاقات ہوئی۔ گتّے پر بنے پوسٹر و بینر زمین پر پڑے ہوئے تھے اور چھوٹے تھیلے اور دیگر سامان ان کے آس پاس رکھے ہوئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر ہندی نہیں، بلکہ ہَلبی یا گونڈی زبان میں بات کر رہے تھے۔

بستر ضلع کے سونو رام کشیپ نے بتایا، ’’ہم نے ۱۰ ستمبر کو جگدل پور کے دنتیشوری مندر سے پیدل چلنا شروع کیا تھا اور ہم ۱۸ ستمبر کو رائے پور پہنچیں گے۔ ہم وزیر اعلیٰ رمن سنگھ سے اپنے قرض معاف کروانے اور [ہم اپنے] دوسرے مطالبات کے لیے اپیل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

’’ہم چھوٹے کسان ہیں اور ہمارے کھیت بارش پر منحصر ہیں۔ اگر بارش نہیں ہوگی، تو کھیتی بھی نہیں ہوگی۔ ہم نے ۲-۳ ایکڑ زمین کے بدلے قرض لیا ہے۔ میرے والد نے ضلع کوآپریٹو بینک سے ۶۰ ہزار روپے قرض لیے تھے۔ انھوں نے اس کا کچھ حصہ واپس کر دیا تھا، لیکن ۲۰۱۴ میں ان کا انتقال ہو گیا۔ مگر اب بینک کہہ رہا ہے کہ ہمارے اوپر ۲ لاکھ روپے کا قرض ہے۔ اسی وجہ سے میں رائے پور جانے والے اس مارچ میں شامل ہوا۔‘‘

farmers are taking rest
PHOTO • Purusottam Thakur
Belongings of farmers participating in march
PHOTO • Purusottam Thakur

بستر ضلع کے بُرنگ پال گاؤں کے رہنے والے گُن ناگ نے مجھے بتایا کہ کیسے ٹریکٹر فائنانس کرنے والی ایک کمپنی نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اور جب وہ لون کی قسط ادا کرنے میں ناکام رہے، تو کیسے کمپنی نے ان سے ٹریکٹر واپس لے لیا۔ اس طرح کے معاملے بستر میں عام ہیں۔ ناخواندہ کسان ان بچولیوں کے فریب میں آسانی سے آ جاتے ہیں جو انھیں بینکوں اور فائنانس کمپنیوں سے لون تو دلوا دیتے ہیں، لیکن اس میں سے کچھ پیسہ اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ کسان چاہتے ہیں کہ اس مبینہ دھوکہ دہی کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے، اور کمپنیوں کے ذریعے چھینے گئے ٹریکٹر انھیں واپس ملیں۔

ان کے دیگر مطالبات میں شامل ہے دھان کی فصل کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی)، فصل بیمہ کی کل رقم کی ادائیگی، اور کھیتی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں پر لگنے والے ٹول ٹیکس پر چھوٹ۔ سونو کشیپ کا کہنا ہے، ’’ہم وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنے مطالبات پرامن طریقے سے رکھیں گے اور ان سے اپیل کریں گے کہ ہمارا قرض معاف کریں اور ان دلالوں سے آزادی دلائیں۔ ہم انھیں اپنے مسائل کے بارے میں بتائیں گے۔‘‘

(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)

Purusottam Thakur

पुरुषोत्तम ठाकुर, साल 2015 के पारी फ़ेलो रह चुके हैं. वह एक पत्रकार व डॉक्यूमेंट्री फ़िल्ममेकर हैं और फ़िलहाल अज़ीम प्रेमजी फ़ाउंडेशन के लिए काम करते हैं और सामाजिक बदलावों से जुड़ी स्टोरी लिखते हैं.

की अन्य स्टोरी पुरुषोत्तम ठाकुर
Translator : Qamar Siddique

क़मर सिद्दीक़ी, पीपुल्स आर्काइव ऑफ़ रुरल इंडिया के ट्रांसलेशन्स एडिटर, उर्दू, हैं। वह दिल्ली स्थित एक पत्रकार हैं।

की अन्य स्टोरी Qamar Siddique