غنی سماء (۳۷) ایک فطرت پسند ہیں، جو گجرات کی ایک بڑی جھیل اور پرندوں کی مشہور پناہ گاہ ’نل سروور‘ جھیل میں کشتی چلاتے ہیں۔ احمد آباد ضلع کی ویرم گام تحصیل میں ۱۲۰ مربع کلومیٹر میں پھیلی یہ جھیل بحر منجمد شمالی سے وسط ایشیا کے ہوائی راستوں سے ہوتے ہوئے بحر ہند تک ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی ایک پسندیدہ جگہ ہے۔
غنی سماء کہتے ہیں، ’’میں پرندوں کی ۳۵۰ سے زیادہ اقسام کی شناخت کر سکتا ہوں۔‘‘ اس میں نل سروور میں آنے والے کئی پرندے بھی شامل ہیں۔ ’’پہلے، یہاں پرندوں کی تقریباً ۲۴۰ انواع دیکھنے کو مل جاتی تھیں، اب یہ تعداد بڑھ کر ۳۱۵ سے زیادہ ہو چکی ہے۔‘‘
غنی کا بچپن اسی جھیل کے ارد گرد گزرا ہے۔ ’’میرے والد اور دادا ان پرندوں کی حفاظت کرنے میں محکمہ جنگلات کی مدد کرتے تھے۔ وہ دونوں محکمہ جنگلات کے لیے بطور ملاح کام کرتے تھے اور اب میں بھی وہی کر رہا ہوں،‘‘ وہ بتاتے ہیں۔ ’’[جب] میں نے ۱۹۹۷ میں اس کی شروعات کی تھی، تب کئی بار مجھے کام مل جاتا تھا اور کئی بار نہیں ملتا تھا،‘‘ وہ یاد کرتے ہیں۔
سال ۲۰۰۴ میں چیزیں بدل گئیں جب محکمہ جنگلات نے انہیں گشت لگانے اور پرندوں کی حفاظت کرنے کے لیے بطور ملاح کام پر رکھ لیا اور، ’’اب میں ہر مہینے تقریباً ۱۹ ہزار روپے کماتا ہوں۔‘‘










