میرا گھر اندرا کالونی نام کے ایک آدیواسی گاؤں میں ہے۔ یہاں الگ الگ آدیواسی برادریوں کے کل ۲۵ کنبے رہتے ہیں۔ ہمارے گاؤں میں پانی کی ایک ٹنکی اور ایک بیت الخلاء بنا ہوا ہے، اور پینے کے پانی کے لیے ایک کنواں ہے۔
گاؤں کے کچھ لوگوں کے پاس کھیتی لائق زمین ہے۔ اس پر وہ دھان، بینگن، مکئی، جُھلنا، بھنڈی، کریلا، کدّو کے علاوہ کولتھا [کالا چنا]، کنڈولا [تور دال]، مونگ جیسی کئی قسم کی دالیں اُگاتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ اپنی ضرورت کے مطابق دھان کی کھیتی کرتے ہیں۔ دھان کی کھیتی برسات کے موسم میں ہوتی ہے۔
فصل کٹنے کے وقت ہم اپنی کھپت کے حساب سے دھان رکھ کر، باقی دھان کو بازار میں فروخت کر دیتے ہیں۔ اسے بیچنے کے بعد ہمیں جو بھی پیسہ ملتا ہے، اس کا استعمال کھاد اور روزمرہ کے دیگر اخراجات کے لیے کرتے ہیں۔
ہمارے گاؤں کے کچھ گھر پھوس کے بنے ہوئے ہیں۔ اس سے دھوپ، بارش اور سردی سے ہماری حفاظت ہوتی ہے۔ ہر سال یا دو سال میں ایک بار پھوس کو بدلنا پڑتا ہے۔ گھر کی مرمت کے لیے ہم بگولی گھاس، سالوا، بانس، لاہی اور جنگل کی لکڑی کا استعمال کرتے ہیں۔








