قہقہے سن کر ہم ان کی جانب متوجہ ہوئے۔ کچھ لڑکیاں رسی کود رہی ہیں، لڑکوں کا ایک گروپ کرکٹ کھیلنے میں مست ہے، کچھ بچے ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں اور کچھ اکیلے کنارے کھڑے ہیں، جہاں سے وہ اپنے کلاس کے ساتھیوں کو بڑے میدان میں کھیلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

پُنے کے دونڈ تعلقہ میں دن بھر پاری کے لیے چکی کے گانوں کے پروجیکٹ کی شوٹنگ اور ریکارڈنگ کرنے کے بعد جب ہم اپنا سامان سمیٹ رہے تھے، تبھی مالتھن گاؤں کی ایک چھوٹی سی بستی، ییولیوستی میں بنے ضلع پریشد پرائمری اسکول کے بچوں کے قہقہے نے ہمیں اپنی جانب متوجہ کر لیا۔

یہاں کرکٹ کا کھیل چل رہا ہے، جسے پورے جوش و جذبہ کے ساتھ کھیلا جاتا ہے۔ ایک کنارے جو لڑکا بلے بازی کر رہا ہے، وہ کیمرے سے لیس، ہمیں اپنی جانب آتے ہوئے دیکھتا ہے، لیکن فوراً اپنی نظریں بالر کی طرف گھما کر گیند کو زور سے مارتا ہے۔ فیلڈرس اس گیند کو پکڑنے کے لیے دوڑنے لگتے ہیں۔

چند لڑکیاں ہمارے ارد گرد جمع ہو جاتی ہیں۔ گانا سنانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنی پڑی، حالانکہ شروع میں وہ تھوڑا شرماتی ہیں۔ گاتے وقت وہ ایک دوسرے کی طرف دیکھتی ہیں، اس بات کو پختہ کرنے کے لیے کہ گانا صحیح گا رہی ہیں یا نہیں۔ پاری ٹیم سے جتیندر میڈ ان بچوں کو ایک کھیل سکھاتے ہیں جس میں گانا اور ناچنا ساتھ ساتھ چلتا ہے۔ یہ لڑکیاں ایک دائرہ بنا لیتی ہیں اور جتیندر کے ذریعے بولی جانے والی ہر لائن اور دکھائی گئی ہر حرکت کو دوہراتی ہیں۔

ویڈیو دیکھیں: ’ادھر آؤ، میری چھوٹی گڑیا، میں تمہیں گنتی سکھاؤں‘، پُنے ضلع کے دونڈ تعلقہ میں واقع ییولیوستی کے ضلع پریشد پرائمری اسکول میں لڑکیاں گا رہی ہیں

’’پڑھائی کے جب سارے پیریڈ ختم ہو جاتے ہیں، تو ہم انھیں ایک گھنٹہ تک کھیلنے کی اجازت دیتے ہیں،‘‘ ان کی ٹیچر، سُنندا جگدالے بتاتی ہیں۔ اسکول کے پرنسپل، سندیپ رسال، ہمیں آفس اور کلاس روم دکھاتے ہیں۔ ’’ہمارے پاس ایک کمپیوٹر بھی ہے، ہم اسکول کی عمارت کی مرمت کرانے کے ساتھ ہی اس کی دوبارہ پُتائی بھی کرا رہے ہیں، اگر آپ سے ہو سکے تو ہماری کچھ مدد کیجیے،‘‘ وہ کہتے ہیں اور اس سے ملحق ایک سائبان میں ہمیں لے جاتے ہیں۔ اسے وہ اپنا ’ماڈرن‘ کچن بتا رہے ہیں – یہ پوری طرح صاف ستھرا ہے، اناج صفائی سے ٹن کے ڈبوں میں رکھے ہوئے ہیں، بوریے میں نہیں – جہاں وہ مڈ ڈے میل پکاتے ہیں۔

اس اسکول میں 43 بچے ہیں – 21 لڑکیاں اور 22 لڑکے، جن کی عمر 6 سال سے لے کر 10 سال تک ہے۔ پہلی سے لے کر چوتھی کلاس تک، ہر ایک جماعت میں تقریباً 10 بچے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر مالتھن کے ہیں، کچھ ہی بچے پڑوس کے گاؤں، مُگاؤں سے ہیں۔ ’’مالتھن میں ایک ہائی اسکول ہے، جہاں دسویں کلاس تک کی پڑھائی ہوتی ہے۔ اس پرائمری اسکول سے پاس ہونے کے بعد ان میں سے زیادہ تر طالب علم وہیں جائیں گے،‘‘ رسال ہمیں بتاتے ہیں۔

ایک نئے کلاس روم کی تعمیر ہو رہی ہے – یہاں چیزیں بے ترتیبی سے رکھی ہوئی ہیں، پینٹ کے ڈبے زمین پر بکھرے ہوئے ہیں۔ دور کونے میں، ایک بچہ پرانی ساڑی سے بنے جھولن کھٹولے میں سو رہا ہے۔ ’’یہ میری چھوٹی بیٹی ہے۔ میری بڑی بیٹی بھی اسی اسکول میں پڑھتی ہے،‘‘ سنندا بتاتی ہیں۔ پرنسپل اور ٹیچر شادی شدہ ہیں؛ وہ ایک ساتھ مل کر اس اسکول کو فخریہ انداز میں چلا رہے ہیں، جسے مزید بہتر بنانے کی انھیں امید ہے۔ یہاں پڑھانے والے اسٹاف یہی دونوں میاں بیوی ہیں۔ یہ دونڈ ٹاؤن میں رہتے ہیں، جو یہاں سے تقریباً 65 کلومیٹر دور ہے، جہاں سے یہ اپنی کار سے روزانہ اسکول آتے ہیں۔

Young boys standing together outside school
PHOTO • Binaifer Bharucha
Girls skipping under the tree on their school playground
PHOTO • Binaifer Bharucha

سبھی 21 لڑکیاں اور 22 لڑکے روزانہ دوپہر کو ایک گھنٹہ کے وقفہ کے دوران دوڑتے ہوئے کھیل کے میدان میں پہنچ جاتے ہیں

دریں اثنا، یہ چھوٹے کرکٹر اس بات کو لے کر آپس میں لڑ رہے ہیں کہ اگلی بلے بازی کون کرے گا۔ تبھی ان میں سے ایک، دوسرے سے کہتا ہے کہ کچھ لوگ باہر سے آئے ہوئے ہیں جو انھیں دیکھ رہے ہیں، اس لیے جھگڑنا بند کرو۔ اتنا کہتے ہی لڑائی بند ہو جاتی ہے، ورنہ ان کے درمیان ہاتھا پائی بس شروع ہونے ہی والی تھی۔

تقریباً 3 بجے کھیل کا وقت جیسے ہی ختم ہوتا ہے، ٹیچر بچوں کو آواز لگاتے ہیں کہ وہ فرنیچر کو ترتیب سے لگائیں، کلاس روم سے اپنے بیگ اور پانی کی بوتلیں ہٹائیں، اور کودنے والی رسیوں، بَلّوں اور گیندوں کو واپس ان کی جگہ لے جا کر رکھ دیں۔ ہر کوئی کام میں لگ جاتا ہے۔ لڑکیاں اور لڑکے بغیر کوئی شور کیے اس پورے کام کو انجام دیتے ہیں اور پھر میدان میں جمع ہو جاتے ہیں، جہاں وہ صفائی سے قطار میں کھڑے ہیں۔ اس کے بعد، وہ پوری متانت سے، وندے ماترم گاتے ہیں – یہ ان کے روزانہ کے معمول کا ایک حصہ ہے۔

Teachers standing outside school
PHOTO • Samyukta Shastri

سُنندا جگدالے اور ان کے شوہر سندیپ رسال ساتھ مل کر اس اسکول کو چلاتے ہیں، جس پر انھیں فخر ہے، جو عیاں ہو رہا ہے

اخیر میں سب کو ایک ساتھ ’بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ لگانا تھا، لیکن کسی نے پہلے تو کسی نے بعد میں لگایا اور اس طرح سب کچھ چوپٹ ہو گیا، اس کی وجہ سے ٹیچر کو کافی غصہ آیا۔ جگدالے ان بچوں سے کہتے ہیں کہ وہ اسے ٹھیک سے دوہرائیں اور پھر ایک سینئر اسٹوڈنٹ کو آگے آکر قیادت کرنے کے لیے کہتے ہیں۔ دوسری کوشش کامیاب رہتی ہے، جس کے بعد اسمبلی ختم ہو جاتی ہے۔ لیکن پھر، سب پرنسپل کے ارد گرد جمع ہو جاتے ہیں ایک سنجیدہ سوال کے ساتھ: ’’سر، آج کا ہمارا ہوم ورک کیا ہے؟‘‘

’’ہم نے آج گنتی سیکھی ہے۔ سارے نمبر کو 100 تک یا 500 تک لکھیے، آپ نے جس لیول تک سیکھا ہے اسی حساب سے،‘‘ رسال جواب دیتے ہیں۔ یہ نمبر طالب علموں کی مختلف سطحوں کے کام کو ظاہر کرتے ہیں – تمام عمر کے بچوں کی سبھی کلاسیں ایک ہی کمرے کے اندر ہوتی ہیں۔

’’سر، ہم نے یہ نمبر 1 لاکھ تک سیکھا ہے، تو کیا ہم اسے 1 لاکھ تک لکھ کر لائیں؟‘‘ یہ سوال ایک بڑے طالب علم کی طرف سے آتا ہے، جو ظاہر ہے، چوتھی کلاس میں ہے۔

والدین آئے ہوئے ہیں، اس لیے کچھ بچے ان کے ساتھ چلے جاتے ہیں، سائیکل، اسکوٹر یا موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر۔ دوسرے بچے وہیں زمین پر بیٹھ جاتے ہیں اور انتظار کرنے لگتے ہیں کہ انھیں لینے کوئی آئے گا۔ ہم انھیں الوداع کہتے ہیں، اور بچوں سے ملی اس دن کی خوشی کو اپنے ساتھ سنجوئے وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔

(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)

নমিতা ওয়াইকার লেখক, অনুবাদক এবং পিপলস আর্কাইভ অফ রুরাল ইন্ডিয়া, পারির নির্বাহী সম্পাদক। ২০১৮ সালে তাঁর ‘দ্য লং মার্চ’ উপন্যাসটি প্রকাশিত হয়েছে।

Other stories by নমিতা ওয়াইকার
Photographs : Binaifer Bharucha

মুম্বই নিবাসী বিনাইফার ভারুচা স্বাধীনভাবে কর্মরত আলোকচিত্রী এবং পিপলস আর্কাইভ অফ রুরাল ইন্ডিয়ার চিত্র সম্পাদক।

Other stories by বিনাইফার ভারুচা
Photographs : Samyukta Shastri

সময়ুক্তা শাস্ত্রী পারির পরিচালনার দ্বায়িত্বে থাকা কাউন্টার মিডিয়া ট্রাস্টের অছি সদস্য হওয়ার পাশাপাশি একজন স্বতন্ত্র সাংবাদিক, ডিজাইনার ও কর্মদ্যোগী। ২০১৯ সালের জুন মাস অবধি তিনি পারির কন্টেন্ট কোওর্ডিনেটর ছিলেন।

Other stories by সমযুক্তা শাস্ত্রী
Editor : Sharmila Joshi

শর্মিলা জোশী পিপলস আর্কাইভ অফ রুরাল ইন্ডিয়ার (পারি) পূর্বতন প্রধান সম্পাদক। তিনি লেখালিখি, গবেষণা এবং শিক্ষকতার সঙ্গে যুক্ত।

Other stories by শর্মিলা জোশী
Translator : Qamar Siddique

কমর সিদ্দিকি পিপলস আর্কাইভ অফ রুরাল ইন্ডিয়ার উর্দু অনুবাদ সম্পাদক। তিনি দিল্লি-নিবাসী সাংবাদিক।

Other stories by Qamar Siddique