کے سنیل کنیان پورہ کالونی میں رہتے ہیں، جو کرناٹک کے چامراج نگر ضلع کے باندی پور نیشنل پارک کی سرحد پر واقع ہے۔ کنیان پورہ ایک آدیواسی بستی ہونے کے ساتھ ساتھ اسی نام کا ایک بڑا گاؤں بھی ہے۔ وہ سولیگا آدیواسیوں کی فیملی سے ہیں – ان کے والدین مزدور ہیں، اور ایک بہن ہے جو گھر پر رہتی ہے۔
سنیل ۱۹ سال کے ہیں اور ۱۰ویں کلاس تک اپنی پڑھائی پوری کر چکے ہیں۔ وہ اب مُڈوملائی کے کارگُڈی گاؤں میں کام کر رہے ہیں – تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ کے سنگم پر واقع مُڈوملائی ایک نیشنل پارک اور وائلڈ لائف ریزرو ہے، جو باندی پور نیشنل پارک کا ہی ایک توسیعی حصہ ہے۔ سنیل کا یہاں انڈین سائنس انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے تقرر کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ جب یہاں درختوں کی پیمائش اور دیگر زمینی مطالعہ کرنے آئیں تو یہ ان کے ساتھ جائیں۔












