میں آرائشی سامان بنانے کے لیے شولاپیٹھ [ایشینومین ایسپیرا ایل پودے کے کارک] کا استعمال کرتا ہوں۔ یہ کثیر استعمال والا مواد ہے، جسے الگ الگ سائزوں اور ڈیزائن میں کاٹا جا سکتا ہے، اور یہ وزن میں بھی ہلکا ہوتا ہے۔ اوڈیشہ میں ہم اسے شولاپیٹھ کام کہتے ہیں۔
اس کی مدد سے میں گلے کا ہار (گلوبند)، دشہرہ کے لیے گل کاری، پھول اور دوسرے آرائشی سامان بنا سکتا ہوں، لیکن میرا بنایا ٹاہیا سب سے زیادہ مقبول ہے ۔اسٹیج پر رقص کرتے وقت اوڈیسی ڈانسر سر پر جو سجاوٹی تاج پہنتے ہیں اسے ہی ٹاہیا کہتے ہیں۔
بازار میں پلاسٹک کے تاہیا بھی ملتے ہیں، لیکن ان سے رقص کرنے والوں کو پیشانی کی جلد میں دقت محسوس ہوتی ہے، اس لیے اسے دیر تک پہننا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، پلاسٹک سے بہت زیادہ ڈیزائن بھی نہیں بنائے جا سکتے ہیں۔
کئی ماہر کاریگروں نے اب ٹاہیا بنانا چھوڑ دیا ہے، لیکن مجھے یہ بنانا پسند ہے۔












