وسط ممبئی سے تقریباً ۹۵ کلومیٹر دور، تھانے ضلع کے نمباولی گاؤں میں سپریا پہاڑی کی گود میں ہمارا گریل پاڑہ ہے۔ وارلی آدیواسیوں کی اس چھوٹی سے بستی میں صرف ۲۰-۲۵ گھر ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی، پاڑہ نے روایتی طریقے سے دیوالی منائی۔ اس ماہ کے آغاز میں، ہر کوئی تہوار کی تیاری میں مصروف تھا۔
واگھ برسی، برکی تیولی، موٹھی تیولی اور بلی پرتی پاڑہ ہماری برادری کے لیے دیوالی کے چار اہم دن ہیں۔ ہم نے انھیں اس سال ۵ سے ۸ نومبر تک منایا۔
وارلی شیر کو اپنا دیوتا مانتے ہیں، اور واگھ برسی پر ہم شیر کی پوجا کرتے ہیں۔ آدیواسی پاڑہ عام طور پر جنگل میں واقع ہیں۔ ماضی میں، وارلی گزر بسر کے لیے پوری طرح سے جنگل پر منحصر تھے۔ وہ اپنے مویشیوں کو چرانے جنگل لے جایا کرتے، جیسا کہ آج بھی ان میں سے بہت سے لوگ کرتے ہیں۔ انھوں نے شیر سے ان پر حملہ نہ کرنے کی پرارتھنا کی – اور خوف کی وجہ سے ان کے معتقد ہو گئے۔












