پرائی ڈرم بجنے لگتا ہے اور ریلی شروع ہو جاتی ہے۔
تقریباً ۶۰ لوگوں کا مجمع نعرہ لگاتا ہے، ’’جے جے جے جے جے بھیم، جے امبیڈکر جے بھیم۔‘‘ یہ نظارہ مہا پری نِروان ریلی کا ہے، جو پچھلے سال (۲۰۲۲) ممبئی کے دھاراوی میں ۶ دسمبر کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم وفات پر منعقد کی گئی تھی۔
یکے بعد دیگرے لوگ اپنی موم بتیاں جلاتے ہیں اور دھاراوی کے پیریار چوک پر جمع ہوتے ہیں، اور پھر ایشیا کی سب سے بڑی جھگی بستی کا یہ حصہ جشن کے ماحول میں ڈوب جاتا ہے۔ مہا پری نروان دیوس (امبیڈکر کے یوم وفات) کی یہ تقریب جے بھیم فاؤنڈیشن کے ذریعے منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ ریلی تقریباً دو گھنٹے تک چلے گی اور ای وی راما سوامی (پیریار) چوک سے گنیشن کووِل میں نصب امبیڈکر کے مجسمہ تک جائے گی، جو یہاں سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔
اپنے شوہر سریش کمار راجو کے ساتھ، فاؤنڈیشن کی بانی ممبران میں سے ایک وینیلا سریش کمار کہتی ہیں، ’’آج کا دن ہمارے لیے تہوار جیسا ہے۔ پورا ممبئی شہر ۱۴ اپریل (امبیڈکر جینتی) اور ۶ دسمبر کو ذات پات کی تفریق کے شکار لوگوں کو حق دلانے میں اس عظیم لیڈر کے رول کو یاد کرتا ہے۔ ہم نیلے جھنڈوں سے پورے راستے کو سجاتے ہیں اور گھر گھر جا کر لوگوں کو ساتھ آنے کی دعوت دیتے ہیں۔‘‘
وہ امبیڈکر کے مجسمہ کو پھولوں کی مالا پہناتی ہیں، جو پورے دھاراوی میں ان کا واحد مجمسہ ہے۔ پھر وہ ایک گروپ کے ساتھ اپنے لیڈر کو وقف تمل گیت گانے لگتی ہیں۔

















