وہ بہت بڑا بیل تھا۔ لیکن چار سال کی چھوٹی سی بچی، کُنڈوی، اُس کے ساتھ ایسے کھیل رہی تھی جیسے وہ کتے کا کوئی پِلّا ہو۔ (مضبوط پُٹّھوں اور ہڈیوں والا ۱۲۰۰ پاؤنڈ وزنی پلّا، کیا آپ تصور کر سکتے ہیں)۔
اس خمیدہ، نوک دار سینگ اور اونچے کوہان والے بیل کو وہ بچی ’بُلی بوائے‘ کہہ کر پکار رہی تھی۔ کنڈوی نام کی یہ بچی تمل ناڈو کے تریپور کے قریب واقع کوٹّ پلَیَم گاؤں میں رہتی ہے۔ پونگل (فصل کی کٹائی کے وقت منایا جانے والا تہوار) سے ایک دن پہلے والی رات کو جب وہ اس خوبصورت کنگایم بیل کو گڈ نائٹ (شب بخیر) کہنے جا رہی تھی، تو مجھے بھی اپنے ساتھ لے کر گئی۔









