’’امتحان کی تیاری کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ پاس ہونے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ یہ یقینی بنانا کہ امتحانی پرچہ محفوظ رہے، حکام کا کام ہے،‘‘ اپنا غصہ ظاہر کرتے ہوئے انشو کماری کہتی ہیں۔
انشو کماری (۲۴) مسابقتی امتحانات کے دباؤ سے بخوبی واقف ہیں۔ وہ ایک اسکول میں بطور ٹیچر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک اوپن یونیورسٹی سے بیچلر آف ایجوکیشن (بی ایڈ) کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں اور سرکاری اسکول میں ملازمت کے لیے سینٹرل ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (سی ٹی ای ٹی) کی تیاری بھی کر رہی ہیں۔
سال ۲۰۲۳ اور ۲۰۲۴ میں انشو نے بینکوں کی بھرتی کے امتحانات میں بھی شرکت کی، اس امید کے ساتھ کہ انہیں سرکاری ملازمت مل جائے گی، لیکن کامیابی ان کا مقدر نہ بن سکی۔ چنانچہ انہوں نے تدریس کو اپنا پیشہ بنا لیا، جبکہ راتوں کو جاگ کر ریاستی سطح کے تدریسی امتحانات کی تیاری بھی جاری رکھی۔













