سال کی چاول کی واحد فصل کھیت میں تیار ہے۔ یہ اکتوبر کا خاتمہ ہے، اور لوگوں نے پیداوار کو کھیتوں سے اپنے گھروں میں لانا شروع کر دیا ہے۔ کافی عرصے کے بعد، مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے پرکی ڈیہہ گاؤں کے غریب سنتال قبیلہ کے گھروں میں اضافی اناج آیا ہے۔
پرکی ڈیہہ میں ہر کسی ۔ تقریباً ۴۰۰ بچے، والدین، دادا دادی ۔ کے پاس کھیتوں میں تھوڑے لیکن سخت موسم کے بعد اب آرام کرنے کے لیے کچھ وقت ہے۔ سردی کی آہٹ ہے۔ چھوٹا ناگپور پٹھار کے گجا بورو پہاڑیوں کے پاس کے جنگلوں میں درخت اپنے رنگ بدلنے لگے ہیں۔ جھلسا دینے والی گرمی کی جگہ اب شمال سے دھیرے دھیرے ٹھنڈی ہوا چلنے لگی ہے۔














