’’آپ کو معلوم ہے کہ ہم نے ماسک کے پیچھے اپنے چہرے کیوں چھپا رکھے ہیں؟ دراصل، ہم اس کے پیچھے اپنا درد چھپا رہے ہیں،‘‘ شیامل مَنّا کہتے ہیں، جن کا تعلق شمالی ۲۴ پرگنہ میں دتّہ پُکور کے قریب واقع ایک گاؤں سے ہے۔ ’’ہم غصے میں ہیں، اس لیے یہاں آئے ہیں۔‘‘
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی اپیل پر دہلی میں چل رہے احتجاج نے اب پورے ملک میں ایک تحریک کی صورت اختیار کر لی ہے۔ کولکاتا کے احتجاج میں میم اور پوسٹرز کے علاوہ، بہت سے نوجوان آئرن مین، سپرمین اور فلموں کے برے کرداروں کا ماسک پہن کر آئے تھے۔
کولکاتا میں ۲۴ جولائی کو یہ ریلی دوپہر میں ۲:۴۵ بجے سیالدہ اسٹیشن سے شروع ہوئی اور ایسپلنیڈ تک نکالی گئی۔ مقامی اخباروں کے مطابق، اس ریلی میں دسیوں ہزار افراد اکٹھا ہوئے تھے۔ شام کو تقریباً ۶ بجے مظاہرین اور کولکاتا پولیس کے درمیان تھوڑی سی جھڑپ بھی ہوئی، جسے پانی کی بوچھار سے روکا گیا۔


















