نوین کمار ٹمٹا ایسے ملاقاتیوں کے عادی ہیں جو ان کے کام کے مقام پر ان کی تصویریں اتارنے اور ویڈیوز بنانے کی گزارش کے ساتھ وارد ہوتے ہیں۔ اتراکھنڈ کے الموڑہ کے رہنے والے اور تقریباً پچاس سال کے ہو چکے نوین ٹمٹا تانبے کی برتن سازی کے ایک مشہور کاریگر ہیں، جو تانبے کے نوادرات اور گھریلو استعمال کی اشیاء پر عمدہ ڈیزائن ابھارتے ہیں۔
ٹمٹا کا تعلق ٹھٹھیروں (تانبے کے کاریگروں) کے خاندان کے ایک طویل سلسلے سے ہے، جن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ سینکڑوں سال قبل راجستھان سے ہمالیہ کے کماؤں علاقے میں پہنچے تھے۔ سب سے پہلے وہ لوہا گھاٹ کے قریب واقع گوسنی گاؤں میں آباد ہوئے تھے۔ بعد میں جب کماؤں کا دارالحکومت چمپاوت سے الموڑہ منتقل ہوا تو ان ٹھٹھیروں کے کچھ خاندان یہاں بھی منتقل ہو گئے۔
طویل عرصے تک تانبے کا کام خاندانی معاملہ تھا۔ ’’ہر شخص آپس میں ہنسی مذاق کیا کرتا تھا۔ مسابقت بھی تھی۔ اس مسابقتی جذبے میں سب نے بہتر کام کیا،‘‘ کاریگر پردیپ ٹمٹا کہتے ہیں۔
خواتین اس عمل کا لازمی حصہ تھیں۔ وہ قریبی جنگلوں سے بھٹی کے لیے لکڑیاں جمع کرتیں، تیار شدہ اشیاء کی پالش کرتیں، بھٹی کے پنکھے چلاتیں اور ویلڈنگ کے لیے پاؤڈر تیار کرتیں۔ کئی خواتین کھانا پکانے اور اپنے کنبے کی نگہداشت کے درمیان ڈیزائننگ اور دیگر باریک کام، جیسے ہتھوڑے سے ضرب لگانے سے پہلے دھات کی چادر کو گرم کرنے کا کام، کیا کرتی تھیں۔































