’’ہر انگامی کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ کھوفی کیسے بُنی جاتی ہے،‘‘ ناگالینڈ کے کھونوما گاؤں میں رہنے والے ۳۹ سالہ ٹوکری بُنکر پیلیسیلی کیوتسو کہتے ہیں۔ زوسا (بانس) اور تھُن یے (بید) کی مدد سے بنائی جانے والی کھوفی دراصل روایتی انگامی ٹوکریاں ہیں، جن کا استعمال جلاون (ایندھن کی لکڑی)، چاول، اناج اور تقریبات سے متعلق سامانوں کو رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ’’ہماری روایات میں اس نے ایک بڑا رول ادا کیا ہے۔ یہ ایسی چیز ہے جس کی قدر ہمیں ہمیشہ کرنی چاہیے،‘‘ وہ مزید کہتے ہیں۔
کسی زمانہ میں کھوفی اس برادری کی حیات و معاش کا ایک اٹوٹ حصہ ہوا کرتی تھی، لیکن آج کھونوما میں اس کی بُنائی کرنے والے ۱۵ سے بھی کم گھر بچے ہیں، جہاں اس کام کو زیادہ تر بزرگ لوگ کرتے ہیں؛ پیلیسیلی اس معاملہ میں ایک استثنا ہیں۔
پچاس سال کی عمر پار کر چکے کیپے کھوٹو تھوؤ بانس کی شہتیروں، لکڑی اور بید کو سوکھی پتیوں سے آپس میں بُن کر تیار کیے گئے ایک جزوی طور پر ڈھکے ہوئے ڈھانچہ کے اندر بیٹھے ہیں اور انتہائی چابک دستی سے تیرھو کی مدھم روشنی میں بانس کی قمچیوں کو چھیل رہے ہیں۔ تیرھو کا سایہ دوپہر میں اندر آنے والی تیز دھوپ کو روکنے کا کام کر رہا ہے۔
’’میں ایک ٹوکری بُننے والے گھر سے آتا ہوں۔ مجھے اور میرے تمام چچا زاد بھائیوں کو کھوفی ٹوکری بننے کا کام گھر میں ہی سکھایا گیا تھا،‘‘ بانس کی قمچیوں پر کام کرتے ہوئے کییپے کہتے ہیں۔
انگامی، ناگالینڈ کے ۱۷ تسلیم شدہ قبیلوں میں سے ایک ہے۔ کھونوما ایک تاریخی مقام ہے، جو ۱۸۰۰ میں برطانوی قبضہ کے خلاف ناگا لوگوں کی مزاحمت کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ یہ ریاست کی راجدھانی کوہیما سے ۲۰ کلومیٹر مغرب کی جانب واقع ہے اور کمیونٹی کی قیادت میں چلنے والے تحفظاتی اقدام کے لیے مشہور ہے، جن میں ارد گرد کے جنگلوں میں جانوروں کے شکار پر پابندی، اور مروجہ نامیاتی کھیتی کے طور طریقے شامل ہیں۔
پہاڑی علاقہ میں ۲۰ مربع کلومیٹر میں پھیلے اس گاؤں میں پتھر سے بنی ہوئی سڑکیں ہیں، چاروں طرف سیڑھی نما دھان کے کھیت نظر آتے ہیں اور روایتی گھروں کے باہر انتہائی سلیقہ سے ایک دوسرے کے اوپر سجا کر رکھی ہوئی ایندھن کی لکڑیاں دیکھنے کو مل جاتی ہیں۔
گاؤں میں ۴۰۰ سے زیادہ انگامی گھر ہیں، جن کی آبادی (مردم شماری ۲۰۱۱ کے مطابق) ۱۹۴۳ ہے۔ یہ لوگ زیادہ تر پتھر نما سیڑھیوں پر دھان کی کھیتی، منتقلی زراعت اور جنگل کی پیداوار حاصل کر کے گزر بسر کرتے ہیں۔ آس پاس کے جنگلات کی حفاظت کمیونٹی کے ذریعہ، خاص کر کھونوما نیچر کنزرویشن اور تراگوپن سینکچری کے توسط سے کی جاتی ہے۔


















