آر نلّ کنّو ۱۹۲۵-۲۰۲۶
ہندوستان کو آزادی دلانے کی لڑائی لڑنے والے آخری بچے مجاہدین میں سے ایک، آر نلّ کنّو نے ۲۵ فروری کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ وہ ۱۰۱ سال کے تھے، اور تمل ناڈو میں اس قبیلہ کے یقیناً آخری شخص تھے۔ ان کا شمار نوآبادیات کے خلاف لڑنے والی اس نسل سے تھا، جو اب تیزی سے ختم ہوتی جا رہی ہے، جن کا ذکر میں نے اپنی کتاب ’دا لاسٹ ہیروز: فوٹ سولجرز آف انڈین فریڈم‘ میں کیا ہے۔
سال ۲۰۲۲ میں یومِ آزادی کے موقع پر تمل ناڈو حکومت نے انہیں تگئیسل تملر ایوارڈ سے سرفراز کیا تھا، جو کہ ۱۰ لاکھ روپے پر مبنی ریاست کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔ ’کامریڈ آر این کے‘ نام سے مشہور نلّ کنّو نے ایوارڈ تو قبول کر لیا، لیکن اس کے ساتھ ملنے والے ۱۰ لاکھ روپے کے نقد انعام میں فوراً اپنی طرف سے ۵۰۰۰ روپے جوڑ کر یہ رقم وزیر اعلیٰ راحت فنڈ میں لوٹا دی۔ ایسی تھی ان کی شخصیت، جو ریاست میں کسانوں کی تحریک کے بانی رہنما بھی تھے۔ ان کی وفات سے تمل ناڈو میں ایک پورے دور کا خاتمہ ہو چکا ہے۔













