یہاں ہزاروں خانہ بدوش مویشی پرور پہلے سے موجود ہیں – اور مزید آ رہے ہیں۔ ان کا تعلق الگ الگ برادریوں سے ہے۔ دھنگر بنیادی طور پر مہاراشٹر سے ہیں، جب کہ کروبا کرناٹک سے۔ ان کی سالانہ مہاجرت کے راستے چاہے جو بھی ہوں، ہر سال اکتوبر-نومبر میں وہ ایک جگہ ملتے ہیں اور زرد بادلوں کے پیچھے پیچھے چلتے ہوئے پٹّن کوڈولی گاؤں میں جمع ہو جاتے ہیں۔
ہاتکننگلے تعلقہ کے اس گمنام سے گاؤں کے مندر میں ان کے دیوتا وِٹھّل بیردیو مہاراج کا یوم پیدائش منانے کے لیے جمع ہونے کا وقت ہے۔ اس موقع پر کولہاپور میں ایک الگ ہی قسم کا ماحول ہے۔ جشن کی اس بارش میں ناچتے گاتے عقیدت مندوں کا سیلاب بغیر کسی جان مال اور کھیت کھلیان کو نقصان پہنچائے ضلع کو سیراب کیے ہوئے ہے۔
ملک بھر کی کئی برادریاں، دھنگر اور کُروبا برادری کی ذیلی جماعتیں وٹھل بیردیو کو چرواہوں اور کسانوں کا محافظ تصور کرتی ہیں۔ اس تہوار کے لیے وہ مہاراشٹر آتے ہیں۔ ایک تیرتھ یاتری نے مجھے بتایا، ’’وٹھل بیردیو کی ہمارے لیے کافی اہمیت ہے۔ وہ ہمارے محافظ ہیں، ہمارے لیے روحانی سکون اور رہنما ہیں۔ وہ اٹوٹ یقین، امید اور عقیدت کی علامت ہیں۔‘‘





























