سال ۲۰۱۷ میں، میری فوٹو نمائش کے بعد سے میں نے پاری کے لیے کام کرنا شروع کر دیا تھا، لیکن جس نمائش نے ایک وژوئل آرٹسٹ کے طور پر دنیا سے میرا تعارف کرایا، اس کا پورا کریڈٹ وانوِل ریوتی اور اداکار نٹ راجن کو جاتا ہے۔ سال ۲۰۰۴ کی سُنامی کے بعد ریوتی نے نری کوروَر اور بوم بوم مٹّوکارر برادریوں کے بچوں کے لیے وانوِل اسکول شروع کیا۔ انہی کے ذریعہ میں تُروِکاّڈو اور اونّن کاڈو کی بستیوں کے بچوں اور لوگوں سے ملا، اور تبھی محسوس ہوا کہ مجھے ان کی زندگی پر لکھنا چاہیے اور ان کی تصویریں لینی چاہئیں۔
بوم بوم مٹّوکارر ایک درج فہرست قبیلہ ہے، جو ادیئن (یا اتیئن) کے نام سے مشہور ہے۔ ’’بوم بوم‘‘ لفظ اُس آواز کی طرف اشارہ کرتا ہے جسے مٹّوکارر یعنی مویشی پرور اپنی اُرومی پر بجاتے ہیں۔ اُرومی، ریت گھڑی (آور گلاس) کے سائز کا دو طرفہ ڈرم ہوتا ہے۔ یہ نام پیشن گوئی کرنے کے ان کے روایتی پیشہ سے جڑا ہے، جس میں وہ سجائے ہوئے بیل کو معاول کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔






























