دسمبر ۲۰۲۱ کی ایک سرد صبح کو جب امر تھوربولے اپنی بائیک پر سوار ہوئے تھے، تو سڑکوں پر کہرے کی دبیز چارد تنی ہوئی تھی۔ ان کی منزل ۷۰ کلومیٹر کی دوری پر واقع سولاپور (مہاراشٹر) کے ضلع پولیس چیف کا دفتر تھی۔ وہ اپنے ساتھ ڈیزل کی کین اور ماچس کی ایک ڈبیہ لے کر چلے تھے۔
تھوربولے نے اپنی بائیک کھڑی کی، آہستہ سے کین کا ڈھکن کھولا اور پولیس اسٹیشن کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے خود پر ڈیزل انڈیلنے لگے۔ انہوں نے ماچس جلائی۔ پہلے ماچس کی سنسناہٹ گونجی، پولیس بعد میں آئی۔
اس واقعہ سے قبل کے دو مہینوں میں ۳۸ سالہ تھوربولے کے آبائی شہر بارشی میں ریکروری (قرض اگاہی والے) ایجنٹ ان کو اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دے رہے تھے، اور ان سے اس قرض کا تقاضہ کر رہے تھے، جس کی رقم ان کی مانگی گئی رقم سے پانچ گنا زیادہ تھی۔ پولیس ان کے معاملے کی تفتیش سے انکار کر رہی تھی، کیونکہ جن لوگوں نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی تھی، وہ سیاسی اثر و رسوخ والے لوگ تھے۔
ایک سال قبل، مئی ۲۰۲۰ میں، مرہٹہ برادری سے تعلق رکھنے والے تھوربولے نے اپنے ناشتے کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے اپنی بچت کا ایک بڑا حصہ استعمال کرتے ہوئے زمین کا ایک پلاٹ خریدا۔ ان کا ارادہ اس اسٹال پر پہلے سے پیش کیے جانے والے ناشتے، جیسے پوہا اور وڑا کے ساتھ ساتھ مصالحے بھی فروخت کرنے کا تھا۔ وہ اس پلاٹ پر ایک اسٹوریج یونٹ بھی بنانا چاہتے تھے۔
تھوربولے نے ۵ لاکھ روپے کا قرض لینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لیے انہوں نے شیو شکتی اربن کوآپریٹو بینک میں دراخواست دی۔ اس بینک کا انتخاب انہوں نے اس لیے کیا کیونکہ برانچ مینیجر گنیش بارنگولے ان کے سابقہ آجر یوراج بارنگولے کے بزنس پارٹنر تھے۔
اس واقفیت کا تنیجہ یہ ہوا کہ جب گنیش نے تھوربولے سے یہ کہہ کر دوبارہ کاغذات پر دستخط کرنے کو کہا کہ ’’پچھلی درخواست میں ایک غلطی رہ گئی تھی،‘‘ تو تھوربولے اور ان کی بیوی دونوں نے اسے ایک عام اور دفتری معاملہ سمجھ لیا۔
جولائی (۲۰۲۰) کے اوائل میں گنیش نے انہیں مطلع کیا کہ قرض منظور ہوگیا ہے اور ان سے قرض کی قسطوں کی ادائیگی کی ضمانت کے طور پر دستخط شدہ ۱۰ بلینک چیک جمع کرانے کو کہا۔
اس جوڑے نے بغیر کسی ردوکد کے حکم کی تعمیل کی۔ ’’ہمارے اچھے تعلقات تھے،‘‘ تھوربولے کی بیوی، سجاتا (۳۴) کہتی ہیں، ’’ہم نے ان [گنیش اور یوراج] پر بھروسہ کیا۔‘‘
یہ بھروسہ ایک سال تک قائم رہا، لیکن پھر قرض ریکوری ایجنٹ ان کے گھر میں گھس آئے اور سجاتا کو دھمکی دی کہ اگر تھوربولے نے اپنے ۲۵ لاکھ روپے کے ہاؤسنگ لون (مکان کے قرضے) کی ادائیگی جاری نہ رکھی، تو بینک ان کی جائیداد ضبط کر لے گا۔ ’’میں الجھن میں پڑ گئی تھی،‘‘ وہ کہتی ہیں۔











