مہاراشٹر کے کولہاپور ضلع میں چکی چلانے والی خواتین کے ذریعہ گائے گئے ان بھگتی گیتوں کا فوکس ایک بہت ہی محبوب چرواہا ہے
انیس (۱۹) ناموں کی فہرست کے ساتھ ، پاری اُن خواتین کی تلاش میں نکلا جنہوں نے دو دہائی قبل کولہاپور کے میتگے گاؤں میں اوریجنل گرائنڈمل سانگس پروجیکٹ (جی ایس پی) ٹیم کے لیے گیت گایا تھا۔ ہاتھ میں کیمروں کے ساتھ ٹیم کی موجودگی نے یہاں کے نوجوانوں اور بزرگوں کو متوجہ کیا۔
ہم نے اپنے گھر کے دروازے پر بیٹھی ایک خاتون سے پوچھا کہ کیا وہ اُن لوگوں کو جانتی ہے جنہوں نے کبھی پونے کے ایک گروپ کے لیے گایا تھا۔ اُس نے کہا، ’’ہاں، ہم نے جاتیا ورچیہ اوویہ ]گرائنڈمل کے گیت[ گایا تھا۔ میں اُن گلوکاروں میں سے ایک تھی۔‘‘
ہم اپنی فہرست میں شامل فنکاروں میں سے ایک، سونا بھارمل سے مل کر بہت خوش ہوئے۔ ۶۰ سال کی سونا نے ہمیں بتایا کہ لکشمی ڈَوَری واحد ایسی فنکارہ ہیں جو اب بھی میتگے میں رہ رہی ہیں۔
















