ان میں سے چھ کیکڑے آپ کی ہتھیلی میں آ جاتے ہیں۔ تھوڑی مرچ اور نمک کے ساتھ پیسنے پر وہ بہت ذائقہ دار لگتے ہیں۔ اس لیے، رام پرساد اور اس کے دوستوں نے کیچڑ کیکڑوں (اسکائیلا سیراٹا) کو ایک پلاسٹک کی بوتل میں پھنسایا ہے، اور اب ان کی دعوت اڑانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ لڑکے درختوں کے گھنے سایہ کے نیچے بیٹھے ہیں، جو آندھرا پردیش کے شری ستیہ سائیں ضلع میں بنجارہ برادری کی بستی ملکواری پلّی تانڈہ میں تپتی دھوپ سے راحت دے رہا ہے۔ جن کیچڑ کیکڑوں کو وہ پکانے والے ہیں انہیں ’ہرا کیکڑا‘ اور ’مینگرو کیکڑا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ ہندوستان کے مشرقی ساحل پر پائے جاتے ہیں۔
امڈگور بلاک کی یہ پرسکون جگہ ایک وادی میں آباد ہے، جہاں درختوں کے نیچے دھان کے کھیت، ٹماٹر اور مرچ کے پودے لگے ہوئے ہیں۔ ایک طرف یہ سرسبز نظارہ ہے، وہیں ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہاں بورویل ۸۰۰ سے ۱۲۰۰ فٹ تک گہرے ہیں۔ پھر بھی، فصلوں کی سینچائی دن میں صرف آٹھ گھنٹے تک ہی ہوتی ہے۔






