مٹی سے بنے اپنے گھر کے باہر بیٹھے نند رام جامُنکر کہتے ہیں، ’’آپ روشنی کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں اور ہم اندھیرے کے ساتھ۔‘‘ ہم امراوتی ضلع کے کھڈیمل گاؤں میں ہیں، جہاں ۲۶ اپریل، ۲۰۲۴ کو لوک سبھا انتخابات کے تحت ووٹنگ ہونی ہے۔ نند رام جس اندھیرے کی بات کر رہے ہیں، وہ واقعی میں یہاں صاف نظر آ رہا ہے؛ مہاراشٹر کے اس آدیواسی گاؤں میں ابھی تک بجلی نہیں پہنچی ہے۔

’’ہر پانچ سال میں کوئی آتا ہے اور بجلی دینے کا وعدہ کرتا ہے۔ لیکن بجلی تو دور کی بات ہے، وہ خود بھی کبھی مڑ کر واپس نہیں آتے،‘‘ ۴۸ سالہ نند رام کہتے ہیں۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ نونیت کور رانا، آزاد امیدوارکے طور پر سال ۲۰۱۹ میں شیو سینا امیدوار اور سابق مرکزی وزیر آنند راؤ اڈسُل کو ہرا کر اقتدار میں آئی تھیں۔ اس بار وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے طور پر اس سیٹ سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔

چکھلدار تعلقہ میں واقع اس گاؤں میں رہنے والے ۱۹۸ کنبے (مردم شماری ۲۰۱۱) معاش کے لیے بنیادی طور پر مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی (منریگا) پر منحصر رہتے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس تھوڑی بہت زمین ہے، وہ بارش پر مبنی کھیتی کرتے ہیں اور زیادہ تر مکئی اُگاتے ہیں۔ کھڈیمل کے زیادہ تر رہائشی درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ہمیشہ سے ہی پانی اور بجلی کے کنکشن کے بغیر گزارہ کرنا پڑا ہے۔ نند رام کا تعلق کورکو قبیلہ سے ہے، جو کورکو زبان بولتا ہے۔ سال ۲۰۱۹ میں قبائلی امور کی وزارت نے کورکو کی نشاندہی ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ چکی زبان کے طور پر کی تھی۔

’ہم اپنے گاؤں میں کسی بھی سیاست داں کو گھُسنے نہیں دیں گے۔ برسوں سے وہ ہمیں بیوقوف بناتے آ رہے ہیں، لیکن اب اور نہیں‘

نند رام کے بغل میں بیٹھ کر ان کے دکھ درد شیئر کرتے دنیش بیلکر کہتے ہیں، ’’ہم نے تبدیلی کی امید میں ۵۰ سال تک ووٹ دیا، لیکن ہمیں بیوقوف بنایا جاتا رہا۔‘‘ انہیں اپنے آٹھ سال کے بیٹے کو پڑھائی کے لیے ۱۰۰ کلومیٹر دور واقع ایک رہائشی اسکول میں بھیجنا پڑا۔ گاؤں میں ایک پرائمری اسکول ہے، لیکن خراب سڑکوں اور نقل و حمل کے وسائل کی کمی کے سبب اساتذہ باقاعدگی سے اسکول نہیں آتے ہیں۔ دنیش (۳۵) کہتے ہیں، ’’وہ ہفتے میں دو دن ہی اسکول آتے ہیں۔‘‘

راہل کہتے ہیں، ’’کئی لیڈر یہاں آ کر وعدے کرتے ہیں کہ ریاستی ٹرانسپورٹ کی بسیں شروع کروائیں گے، لیکن انتخاب کے بعد غائب ہو جاتے ہیں۔‘‘ نقل و حمل کے وسائل نہ ہونے کے سبب راہل وقت پر اپنی دستاویز جمع نہیں کر پائے تھے، جس کی وجہ سے اس ۲۴ سالہ منریگا مزدور کو کالج چھوڑنا پڑا۔ وہ مزید کہتے ہیں، ’’ہم نے تعلیم حاصل کرنے کی امید ہی چھوڑ دی ہے۔‘‘

نند رام اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے اونچی آواز میں کہتے ہیں، ’’تعلیم تو بعد میں آتی ہے، پہلے ہمیں پانی کی ضرورت ہے۔‘‘ میلگھاٹ کے اوپری علاقے میں طویل عرصے سے پانی کی سخت قلت ہے۔

PHOTO • Swara Garge ,  Prakhar Dobhal
PHOTO • Swara Garge ,  Prakhar Dobhal

بائیں: نند رام جامُنکر (پیلی ٹی شرٹ میں) اور دنیش بیلکر (زعفرانی رومال میں) مہاراشٹر کے امراوتی ضلع کے کھڈیمل گاؤں کے رہائشی ہیں۔ گاؤں میں آج تک پانی یا بجلی نہیں پہنچی ہے۔ دائیں: گاؤں سے تقریباً ۱۵ کلومیٹر دور بہنے والی ایک نہر تقریباً سوکھ چکی ہے۔ حالانکہ، مانسون کے موسم میں آبی ذرائع لبالب بھر جاتے ہیں، اور امنڈتے پانی سے سڑکیں اور پل ٹوٹ جاتے ہیں، جن کی مرمت شاید ہی کبھی کی جاتی ہے

گاؤں کے لوگوں کو پانی بھرنے کے لیے روزانہ ۱۵-۱۰ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور یہ کام زیادہ تر عورتیں ہی کرتی ہیں۔ گاؤں کے کسی بھی گھر میں نل نہیں ہے۔ ریاستی حکومت نے تین کلومیٹر دور واقع نولگاؤں سے پانی سپلائی کرنے کے لیے علاقہ میں پائپیں بچھوائیں تھیں۔ لیکن گرمی کے مہینوں میں پائپ سوکھے پڑے رہتے ہیں۔ انہیں کنوؤں سے جو پانی ملتا ہے وہ پینے لائق نہیں ہوتا۔ دنیش کہتے ہیں، ’’زیادہ تر وقت ہم بھورا پانی پیتے ہیں۔‘‘ اس کی وجہ سے ماضی میں ڈائریا اور ٹائیفائڈ جیسی بیماریوں کو پھیلتے ہوئے دیکھا جا چکا ہے، خاص کر حاملہ عورتوں اور بچوں میں۔

کھڈیمل کی عورتوں کے دن کی شروعات صبح تین یا چار بجے پانی بھرنے کی لمبی سیر سے ہوتی ہے۔ نمیا راما دھیکار (۳۴) کہتی ہیں، ’’ہم کب وہاں پہنچتے ہیں، اس کے حساب سے ہمیں تین سے چار گھنٹے تک قطار میں کھڑے رہنا پڑتا ہے۔‘‘ سب سے قریبی ہینڈ پمپ چھ کلومیٹر دور ہے۔ ندیوں کے خشک ہونے کے ساتھ، یہ جگہ بھالو جیسے پیاسے جنگلی جانوروں کا اڈّہ بن چکی ہے اور کبھی کبھی اوپری میلگھاٹ کے سیمڈوہ ٹائیگر ریزرو سے شیر بھی یہاں چلے آتے ہیں۔

پانی بھرنا ان کے دن کا سب سے پہلا کام ہوتا ہے۔ نمیا جیسی عورتوں کو صبح تقریباً ۸ بجے منریگا کے کام پر جانے سے پہلے گھر کے سبھی کام نمٹانے پڑتے ہیں۔ دن بھر زمین کی جُتائی کرنے اور تعمیراتی کام سے متعلق وزنی سامان ڈھونے کے بعد، انہیں شام کو ۷ بجے پھر سے پانی بھرنے جانا پڑتا ہے۔ نمیا کہتی ہیں، ’’ہمیں کوئی آرام نہیں ملتا۔ بیمار ہونے پر بھی ہم پانی بھرنے جاتے ہیں، یہاں تک کہ حاملہ ہونے پر بھی۔ بچے کو جنم دینے کے بعد بھی ہمیں صرف دو یا تین دن کا ہی آرام ملتا ہے۔‘‘

PHOTO • Swara Garge ,  Prakhar Dobhal
PHOTO • Prakhar Dobhal

بائیں: برسوں سے میلگھاٹ کے اس اوپری علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے اور عورتوں کو دن میں دو بار پانی بھرنے جانا پڑتا ہے۔ نمیا راما دھیکار کہتی ہیں، ’ہم کب وہاں پہنچتے ہیں اس کے حساب سے ہمیں تین سے چار گھنٹے تک لائن میں کھڑے رہنا پڑتا ہے۔‘ دائیں: سب سے قریبی ہینڈ پمپ گاؤں سے چھ کلومیٹر دور ہے

PHOTO • Prakhar Dobhal
PHOTO • Swara Garge ,  Prakhar Dobhal

بائیں: یہاں کے زیادہ تر لوگ منریگا کی جگہوں پر کام کرتے ہیں۔ گاؤں میں کوئی پرائمری ہیلتھ سینٹر نہیں ہے اور صرف ایک پرائمری اسکول ہے، جہاں کلاسز باقاعدگی سے نہیں ہوتی ہیں۔ دائیں: نمیا راما دھیکار (گلابی ساڑی میں) کہتی ہیں کہ عورتوں کو کام سے فرصت نہیں ملتی، یہاں تک کہ بچے کو جنم دینے کے بعد بھی آرام نہیں ملتا

انتخاب کا موسم ہے اور نمیا کی رائے بالکل واضح ہے۔ ’’جب تک گاؤں میں نل [پانی کا پائپ] نہیں آئے گا، میں ووٹ نہیں ڈالوں گی۔‘‘

ان کی رائے میں گاؤں کے باقی لوگوں کا غصہ بھی جھلکتا ہے۔

کھڈیمل کے سابق سرپنچ ببنو جامُنکر (۷۰) کہتے ہیں، ’’جب تک ہمیں سڑک، بجلی اور پانی نہیں مل جاتا، ہم ووٹ نہیں دیں گے۔ ہم اپنے گاؤں میں کسی بھی سیاست داں کو داخل نہیں ہونے دیں گے۔ برسوں سے وہ ہمیں بیوقوف بناتے آ رہے ہیں، لیکن اب اور نہیں۔‘‘

مترجم: قمر صدیقی

Student Reporter : Swara Garge

Swara Garge is a 2023 PARI intern and a final year Masters student from SIMC, Pune. She is a visual storyteller interested in rural issues, culture and economics.

Other stories by Swara Garge
Student Reporter : Prakhar Dobhal

Prakhar Dobhal is a 2023 PARI intern pursuing a Master's degree from SIMC, Pune. Prakhar is an avid photographer and documentary filmmaker interested in covering rural issues, politics and culture.

Other stories by Prakhar Dobhal
Editor : Sarbajaya Bhattacharya

Sarbajaya Bhattacharya is a Senior Assistant Editor at PARI. She is an experienced Bangla translator. Based in Kolkata, she is interested in the history of the city and travel literature.

Other stories by Sarbajaya Bhattacharya
Translator : Qamar Siddique

Qamar Siddique is the Translations Editor, Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist.

Other stories by Qamar Siddique